Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں کے جھگڑے 30 روز میں نمٹائے جائیں گے:' زُلفی بخاری  

زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ 'اوورسیز ریئل سٹیٹ فورم کے تحت این او سی کی حامل ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ہی سرمایہ کاری کی جائے گی' (فوٹو: اے ایف پی) 
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے کہا ہے کہ 'فاسٹ ٹریک عدالتوں کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں کے جھگڑے تیس روز کے اندر نمٹائے جائیں گے۔‘  
اسلام آباد میں پیر کے روز اوورسیز ریئل سٹیٹ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ 'سندھ سے لےکر اسلام آباد تک اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اوورسیز کے مسائل حل کریں۔'

 

'اس سلسلے میں فاسٹ ٹریک عدالتی نظام متعارف کروایا جارہا ہے جس کے تحت  اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں کے جھگڑے 30 روز میں نمٹائے جائیں گے۔'
معاون خصوصی برائے سمند پار پاکستانیز کا کہنا تھا کہ 'پاکستان اوورسیز ریئل سٹیٹ فورم وقت کی ضرورت ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی محفوظ سرمایہ کاری کر سکیں۔'
'سستے رہائشی منصوبوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جبکہ اوورسیز ریئل سٹیٹ فورم کے تحت این او سی کی حامل ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ہی سرمایہ کاری کی جائے گی۔'  
ملک کے زرمبادلے میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار پر بات کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ 'موجودہ حکومت میں دو اب ڈالر اضافی زرِ مبادلہ آیا ہے جبکہ گذشتہ 10 ماہ کے دوران 10 لاکھ سے زائد پاکستانی بیرون ممالک گئے ہیں۔‘  

مولانا فضل الرحمان ریٹائرڈ سیاست دان ہیں 

اس موقع پر زلفی بخاری نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 'پی ڈی ایم زوال پذیر ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ایسی تحریک چلتی رہے تاکہ ان کی اصلیت سامنے آسکے۔ 'مولانا فضل الرحمن ایک ریٹائرڈ سیاست دان ہیں اور ان کے پاس کھانا کھانے کے سوا کوئی کام نہیں ہے۔' 
مریم نواز اور بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ’مریم اور بلاول بیچاروں کو بتایا نہیں گیا کہ لوگ کرپشن کے خلاف ہیں، مریم صفدر اور بلاول کو کوئی بتائے کہ ان کا فلسفہ ہی غلط ہے، مریم نواز نے استعفے مانگے لیکن کسی نے نہیں استعفیٰ نہیں دیا۔‘  

شیئر: