Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں ’حرا ونٹر ایونٹس‘ میں 84 ہزار سے زیادہ افراد کی شرکت

وزیٹرز کو مقامی مصنوعات کے بارے میں جاننے کا موقع بھی ملا۔ (فوٹو ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میں حرا ثقافتی مرکز کے زیر اہتمام اختتام پذیر ہونے والے حرا ونٹر ایونٹس نے 84 ہزار وزیٹرز کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
نمایاں خصوصیات میں وحی کی نمائش شامل تھی جس میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی کے نزول کی کہانی اور روایت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق نمائش میں ایک پویلین جس میں غار حرا اور ام المومنین حضرت خدیجہ بن خویلد کے حوالے سے تفصیلات کے ساتھ  پہلی وحی کی عکاسی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ  نایاب تاریخی نوادرات شامل تھے، جن میں عثمان بن عفان کے قرآن کے نسخے کی تصویری کاپی اور قرآنی آیات کے قدیم کتبے وزیٹرز کو انوکھا تجربہ فراہم کر رہے تھے۔
مرکز میں ایک خاص پویلین ’وحی نمائش‘ کا بھی ہے، جہاں وزیٹرز کو آڈیو اور ویڈیو کے ذریعے پیغمبر اسلام حضرت محمد  صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ، پہلی وحی کے نازل ہونے اور حضرت خدیجہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے۔ قرآن پاک میوزیم بھی ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے منفرد انداز میں قرآن پاک کی عظمت اجاگر کی گئی ہے۔
 نمائش میں مستند عرب ورثے سے متاثر شاعری بھی پیش کی گئی ہے، جس میں عربوں کے دیوان اور واقعات و احساسات کو دستاویزی شکل دے کر شاعری کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ عربی زبان و ادب کے حوالے سے بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں جو یہاں آنے والوں کے تجربے میں ایک نیا اضافہ کرتے ہیں۔
 یہاں کارواں کے تجربے کے لیے اونٹوں کے قافلوں اور ثقافتی ورثے کو بھی پیش کیا گیا ہے، جس نے قدیم عرب تجارت اور معاشرے میں ان کے کردار کو اجاگر کیا۔
زائرین کے قدیم تجارتی راستوں کی منظر کشی کی گئی۔ اسی طرح چیلنج زون میں تفریح اور سپورٹس مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔
یہاں ثقافتی اور تفریحات کے علاوہ حرا مرکز نے دستکاری اور ورثہ انڈسٹریز مارکیٹ کے ذریعے ایک مربوط تجربہ فراہم کیا جس سے وزیٹرز کو مقامی مصنوعات کے بارے میں جاننے اور یادگاری اشیا خریدنے کا ایک تجربہ بھی ہوا۔ 
حرا ثقافتی مرکز مکہ مکرمہ کے مشہور ترین مقامات میں سے ایک ہے جو جبل حرا کے قریب 67 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر بنا ہوا ہے۔ یہ علاقہ سیاحتی اور علمی مقام ہے جو ماضی کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔
 

 

شیئر: