حرم مکی: 6 ماہ میں ایک کروڑ80 لاکھ لیٹرسینیٹائزر کا استعمال
حرم مکی: 6 ماہ میں ایک کروڑ80 لاکھ لیٹرسینیٹائزر کا استعمال
جمعرات 21 جنوری 2021 10:05
سینیٹائزنگ کا عمل 24 گھنٹے جاری رہتا ہے (فوٹو، ٹوئٹر)
حرم مکی شریف میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران ایک کروڑ 80 لاکھ لیٹر جراثیم کش مواد استعمال کیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے زائرین کو ’کورونا وائرس‘ سے محفوظ رکھنے کےلیے جاری کی جانے والی مہم کو ’احتیاط کے ساتھ‘ کا عنوان دیا گیاہے۔
سینیٹائزنگ مہم میں 4 ہزار سے زائد کارکن اور 180 سپروائزرشریک ہیں ۔ ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق مسجد الحرام میں شعبہ سینیٹائزنگ کے ڈائریکٹر جابر الودعانی نے بتایا کہ مہم ’احتیاط کے ساتھ ‘ کا مقصد زائرین اور معتمرین کووائرس سے محفوظ رکھنا ہے۔
سینیٹائزنگ کےلیے 4ہزار سے زائد کارکنوں کو متعین کیاگیاہے(فوٹو، ٹوئٹر)
ڈائریکٹرکا مزید کہنا تھا کہ مسجد الحرام کے اندرونی اور بیرونی صحنوں کو جراثیم کش مواد سے دھونے کے بعد اعلی قسم کی خوشبو استعمال کی جاتی ہے جبکہ صحنوں کو جراثیم سے صاف کرنے کے لیے جو سینیٹائزر استعمال کیا جاتا ہے وہ بھی ماحول دوست ہوتا ہے تاکہ کسی قسم کے مضر اثرات کا شائبہ نہ رہے۔
ڈائریکٹر الودعانی کا مزید کہنا تھاکہ سینیٹائزنگ کے لیے مقرر کردہ 4 ہزار سے زائد کارکن اور 180 نگرانوں کو مختلف شفٹوں میں متعین کیاجاتا ہے تاکہ سینیٹائزنگ کا عمل 24 گھنٹے جاری رہے۔
سینیٹائزنگ اور صحنوں کو دھونے کےلیے کارکنوں کے علاوہ 470 مشینی آلات بھی استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ حرم شریف میں قرآن کریم کی ریگوں اور ستونوں میں نصب ائیر کنڈیشنگ یونٹ کے ایگزاسٹ کے مقام کو خصوصی طور پر 24 گھنٹے کی بنیاد پر صاف کرکے انہیں سینیٹائز کیاجاتاہے۔