بول نیوز کا لائسنس معطل، 10 لاکھ روپے جرمانہ
پیمرا کے مطابق فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل بول نیوز کا لائنس 30 روز کے لیے معطل کر دیا جبکہ 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
جمعے کو پیمرا کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ احکامات ’تجزیہ‘ نامی پروگرام میں عدلیہ مخالف مودا نشر کرنے پر جاری کیے گئے۔
پریس ریلز کے مطابق پروگرام میں میزبان سمیع ابراہیم اور سینیئر رپورٹر میاں داؤد نے ہائی کورٹ کے فاضل ججز کی تقرری اور اس کے طریقہ کار پر بات کرتے ہوئے چیف جسٹس و دیگر ججز کے خلاف ہرزہ سرائی کی اور غیرمناسب اور عامیانہ تبصرہ کیا۔
پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پروگرام میں شریک دونوں افراد آئین پاکستان کی شق 19، 68 اور پیمرا قوانین بشمول ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے غیرضروری طور پر عدالت اور ججز کے کنڈکٹ کو زیر بحث لائے۔
پیمرا کے مطابق 12 جنوری چینل کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا تھا تاہم جواب میں چینل نے نہ تو غلطی تسلیم کی نہ ہی معافی کی درخواست کی اور موقف اختیار کیا کہ مواد پیمرا قوانین اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں نشر کیا گیا اور نوٹس واپس لیا جائے۔
پریس ریلیز کے مطابق فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ بول نیوز کی نشریات بند کرنے کے لیے کیبل آپریٹرز کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔