ملائشیا میں لیزنگ کمپنی کے ساتھ معاملات طے، طیارہ پاکستان کے حوالے
’پی آئی اے جہاز کو مسافر پرواز کے طورپر آپریٹ کرکے واپس لے کر آئے گی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے کہا ہے کہ ’ملائشیا میں لیزنگ کمپنی کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں اور طیارہ پی آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔‘
پی آئی اے کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں فریقین کی باہمی رضامندی سے ملائشیا کی عدالت میں کیس خارج ہو گیا ہے۔‘
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’قومی ایئرلائن جہاز کو مسافر پرواز کے طور پر آپریٹ کرکے واپس لے کر آئے گی جس کے لیے عملے کو پاکستان سے روانہ کیا جارہا ہے۔‘
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’طیارے کی واپسی آئندہ دو روز میں متوقع ہے۔‘
گذشتہ ہفتے ترجمان پی آئی اے نے کہا تھا کہ ’ملائشیا میں ضبط کیے گئے بوئنگ 777 طیارے کی لیز کی مد میں واب الادا 70 لاکھ ڈالر ادا کر دیے ہیں۔‘
ترجمان نے اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’پی آئی اے انتظامیہ نے پیری گرین کمپنی کو جمعے کے روز دو طیاروں کی لیز کی مد میں 70 لاکھ ڈالر ادا کر دیے ہیں اور لندن کی عدالت کو بھی اس بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔‘
خیال رہے کہ پی آئی اے نے پیری گرین کمپنی سے 2015 میں بوئنگ 777 طیارہ لیز پر حاصل کیا تھا۔ اس پر جولائی 2020 سے لیز کی رقم ادا نہ کرنے پر کمپنی نے لندن کی عدالت سے رجوع کیا۔
جبکہ گذشتہ ہفتے کمپنی نے ملائشیا کی عدالت میں پی آئی اے کے اثاثے ضبط کرنے کا مقدمہ درج کر دیا تھا جس پر ملائشیا کی عدالت نے کے طیارے کو روکنے کی ہدایت کی تھی۔