Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاش کو 10 سال تک چُھپا کر رکھنے والی خاتون گرفتار

خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ’ان کی والدہ کی موت کا علم ہونے پر انہیں اپارٹمنٹ سے بے دخل کیے جانے کا خدشہ تھا‘ (فوٹو: اے ایف پی)
ایک جاپانی خاتون نے اپنی والدہ کی لاش کو 10 سال سے زائد عرصے تک اپنے اپارٹمنٹ کے اندر موجود فریزر میں چھپائے رکھا، خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ’ان کی والدہ کی موت کا علم ہونے پر انہیں اپارٹمنٹ سے بے دخل کیے جانے کا خدشہ تھا۔‘
پولیس نے سنیچر کے روز فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’48 سالہ یومی یوشینو کو ٹوکیو کے ایک اپارٹمنٹ میں بدھ کے روز فریزر کے اندر سے ملنے والی ’کسی خاتون کی لاش کو چھپانے کے شبے میں‘ گرفتار کیا گیا۔

 

مقامی میڈیا نے نامعلوم پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ’یوشینو کا کہنا ہے کہ ’انہوں نے 10 سال قبل لاش چھپائی تھی کیونکہ وہ اس گھر سے ’باہر نہیں جانا چاہتی تھیں‘ جس میں وہ اپنی والدہ کے ساتھ رہتی رہی ہیں۔‘
جاپان کے کیوڈو نیوز کے مطابق یومی یوشینو کی والدہ کی موت کے وقت عمر تقریباً 60 برس تھی، اور میونسپل ہاؤسنگ کمپلیکس میں اپارٹمنٹ ان کے نام پر ہی لیز کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق یوشینو کو جنوری کے وسط میں کرائے کی رقم ادا نہ کرنے کے بعد اپارٹمنٹ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا، اور اس دوران صفائی کرنے والے ایک شخص کو ایک کمرے میں چھپائے گئے فریزر میں سے یہ لاش ملی تھی۔
اطلاعات کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں خاتون کی موت کا وقت اور اس کا سبب معلوم نہیں ہوسکا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں