قصیم میں خاتون ڈرائیور کو چھیڑنے والا شہری گرفتار
’ویڈیو وائرل ہوتے ہی محکمہ ٹریفک کے متعلقہ شعبے نے اس شخص کی شناخت کرکے گرفتار کرلیا‘ ( فوٹو: سبق)
قصیم ریجن پولیس نے ٹریفک سگنل پر کھڑی ایک خاتون ڈرائیور کو چھیڑنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق قصیم ریجن پولیس کے ترجمان میجر بدر السحیبانی نے کہا ہے کہ ’گرفتار ہونے والا شخص سعودی شہری ہے جو عمر کی بیسویں دہائی میں ہے‘۔
’انہوں نے برابر کھڑی خاتون کو نامناسب اشاروں سے چھیڑا تھا اور خود ہی اپنی ویڈیو بنا کر اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا‘۔
پولیس کے مطابق ’ان کی حرکتیں نہ صرف چھیڑ خانی میں شمار ہوتی ہیں بلکہ انہیں جنسی ہراسیت میں بھی شمار کیا جاسکتا ہے‘۔
پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ ’ویڈیو وائرل ہوتے ہی محکمہ ٹریفک کے متعلقہ شعبے نے اس شخص کی شناخت کرکے گرفتار کرلیا‘۔
’ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد گرفتار ہونے والے شخص کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا۔‘