امارات نے دنیا بھر کے گریجویٹس کی تربیت کے لیے پروگرام متعارف کرا دیا
مون شاٹ 2071 پروگرام کا دورانیہ تین ماہ ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات نے ’مون شاٹ 2071‘ کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے جس کا مقصد مقامی اور بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ٹاپ گریجویٹس کو تربیت دینا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام نے کہا ہے کہ محمد بن راشد سینٹر فار گورنمنٹ انوویشن کی جانب سے اس تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
نیوز ایجنسی وام کے مطابق ’اس پروگرام سے متحدہ عرب امارات کے مستقبل کے لیے جدید حل مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔‘
’اس تین ماہ کے تربیتی پروگرام کے ذریعے گریجویٹس اپنی مہارت اور صلاحیتوں کو مزید بہتر کر سکیں گے۔‘
کابینہ کے امور کے وزیر محمد عبداللہ القرضاوی کا کہنا ہے کہ ’دی مون شاٹ 2071 کا پروگرام متحدہ عرب امارات اور دنیا بھر سے نوجوان ٹیلنٹ کو خوش آمدید کہے گا اور ان کو بااختیار بنائے گا۔‘