سعودی عرب میں محکمہ امن عامہ کی جانب سے رواں ہفتے ہونے والے بعض جرائم کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ایک سعودی اور پانچ یمنیوں کو چوری کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ملزمان نے مختلف دکانوں میں نقب لگا کر وہاں سے تقریبا 2 لاکھ 80 ہزار ریال چوری کیے تھے۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے امن عامہ کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے ایک شہری کو عوامی مقام پر ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں حراست میں لیا جبکہ ایک سعودی کو سوشل میڈیا پر کم عمر بچے سے نازیبا گفتگو کرنے پر گرفتار کیا ہے۔
پولیس اہلکاروں نے رہائشی علاقے میں ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں ایک اور شہری کو حراست میں لیا جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی جبکہ گاڑیاں چرانے کے الزام میں ایک سعودی اور اس کے شریک جرم یمنی کو حراست میں لیا گیا۔
ایک شخص سےاسلحے کے زور پر گاڑی چھیننے اور اسے مسلح ڈکیتی میں استعمال کرنے پر دو شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔