اس شو کی کوریوگرافی ’سپیشل پراجیکٹس اینڈ ایونٹس‘ ٹیم نے کی۔
جو شخصیات شو سٹاپر بنیں ان میں سارہ خان، فلک جاوید، سونیا حسین، عائشہ عمر، علیزے شاہ، حریم فاروق، عمران اشرف، یمنیٰ زیدی اورعروہ حسین کے نام شامل ہیں۔
اداکارہ فضاعلی نے دوسرے روز گانا گا کر سماں باندھ دیا۔ اس کے علاوہ پہلے روز اداکارہ سارہ خان کے شوہر فلک شبیر نے اپنی گائیکی کا مظاہرہ کیا۔
پینٹین ہیئر شو کے لیے اداکارہ مایا علی نے ریمپ پر واک کی۔ 50 سے زائد ماڈلز نے ریمپ پر جلوے بکھیرے، ان کا ہئیر اینڈ میک اپ نبیلہ نے کیا۔
برائیڈل فیشن ویک میں روایتی عروسی جوڑوں کو جدت کا تڑکہ لگا کر پیش کیا گیا۔
ریڈ کارپٹ کی میزبانی فاطمہ سہیل نے کی۔ کورونا کی وجہ سے برائیڈل ویک پہلے ہونے والے فیشن ویکس سے کافی مختلف رہا کیونکہ اس بار ریڈ کارپٹ بھی الگ جگہ پر بنایا گیا جہاں میڈیا سمیت شائقین کو رسائی نہیں تھی۔
ہال میں لوگوں کی تعداد بھی خاصی کم رکھی گئی، محدود میڈیا کو بلایا گیا اور ایس او پیز کو فالو کرتے ہوئے ہال میں کرسیاں چھ فٹ کے فاصلے پر لگائی گئیں۔
ڈیزائنر کاشی کے شو میں شائستہ لودھی، فضا علی، عروہ حسین، علیزے شاہ، صاحبہ اور ثنا جلوہ گر ہوئیں، ایسا پہلی بار ہوا کہ کسی بھی ڈیزائنر کے شو میں اتنی ساری سلیبرٹیز ایک ساتھ ریمپ پر آئیں۔
ایس او پیز کو ایک لمحے کے لیے بھی نظر انداز نہیں کیا گیا ہال کے داخلی راستے پر سینیٹیائزرز رکھے گئے۔ ہاتھوں کو پہلے سینٹیائز کیا جاتا اور ساتھ میں اندر جانے والے کو ماسک تھما دیا جاتا۔
محدود آڈینس کے ساتھ برائیڈل ویک کا انعقاد بھی پہلی بار دیکھنے کو ملا۔
فیشن شو کے تیسرے روز عدنان سمیع خان کے صاحبزادے اذان سمیع خان نے اپنے نئے البم سے ایک گانا بھی سناکر خوب داد وصول کی اس کے علاوہ فوک گلوکار عارف لوہار نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
تیسرے دن کے پہلے شو کا آغاز علی ذیشان کی نمائش سے ہوا، ان کا انتخاب جہیز کی قبیح اور قدیم روایت کے خلاف علم بغاوت تھا جس میں نوجوان نسل کو جہیز نہ لینے اور دینے کی تعلیم دی گئی۔
زری، تلے مکیش، ٹیل، شیشہ، موری اور ہاتھ سے تیار کردہ موتیوں پر مشتمل انتہائی عمدہ دستکاری کے علاوہ روایتی کام سے سجے رنگ برنگے عروسی ملبوسات پاکستانی کلچر کی عکاسی کر رہے تھے ان کے ساتھ استعمال کیے جانے والے ہیوی زیورات نے جوڑوں کی خوبصورتی کو مزید بڑھا دیا۔
سہہ روزہ برائیڈل کیٹیور ویک تو خوبصورت یادیں سمیٹے اختتام پذیر ہو گیا لیکن یہ ماننا پڑے گا کہ پاکستانی فیشن ڈیزائنرز عروسی جوڑوں میں جتنے تجربات کرتے ہیں ان کا مقابلہ کہیں بھی کوئی نہیں کر سکتا۔