تیسری شادی کی مخالفت، شوہر نے دوسری بیوی کو چلتی گاڑی سے دھکا دے دیا
نیچے گرنے سے خاتون شدید زخمی ہوگئی بعد ازاں ھسپتال میں چل بسی۔(فوٹو مزمز)
عراقی خاتون کو شوہر کے فیصلے کی مخالفت مہنگی پڑگئی۔ تیسری شادی کی مخالفت پرعراقی شوہر نے اپنی دوسری بیوی کو تیز رفتار گاڑی سے دھکا دے دیا۔
جنوبی عراق کے ذیقار صوبے میں خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ گاڑی سے سفر کررہی تھی بات چیت کے دوران تیسری شادی کے پروگرام کی مخالفت کی تو شوہر کو غصہ آگیا، اس نے تیز رفتار گاڑی سے بیوی کو دھکا دے کر نیچے پھینک دیا۔
گاڑی سے نیچے گرائے جانے کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہوگئی بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی۔
مصری جریدے الیوم السابع کے مطابق یہ واقعہ ذیقار صوبے کے ضلع قلعہ سقر میں یہ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا۔ زخمی خاتون علاج کے لیے ہسپتال میں داخل تھی۔
خاتون نے ہسپتال میں مرنے سے قبل علاج کے دوران بیان ریکارڈ کرایا جس میں شوہر کو اس واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔
عراقی پولیس کا کہنا ہے کہ اس خاتون نے شوہرکو تیسری شادی سے روکنے کی کوشش کی تھی اور وہ خود دوسری بیوی تھی۔
پولیس نے خاوند کو گرفتار کرلیا۔ اسے قانونی کارروائی کے لیے جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
عراق میں خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جسمانی تشدد کے واقعات کثرت سے ہورہے ہیں۔ عراق میں گھریلو تشدد کے انسداد کا قانون جاری کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔