’کار واش سینٹر کا کامیاب کاروبار صرف 26 ریال سے شروع کیا‘
اتوار 14 فروری 2021 14:09
’چھوٹے کاروبار میں سعودی نوجوانوں کی دلچسپی ہی ان کی کامیابی کا راز ہے‘ ( فوٹو: سبق)
نجران میں کار واش سینٹر کے مالک خالد الحربی نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنا کاروبار شروع کیا تو ان کے پاس صرف 26 ریال تھے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’کاروبار کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ میرے ساتھ گاڑیاں دھونے کا کام سعودی نوجوان کرتے ہیں‘۔
مقامی ٹی وی چینل کو انٹر ویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ’چھوٹے کاروبار میں سعودی نوجوانوں کی دلچسپی ہی ان کی کامیابی کا راز ہے ‘۔
’میں نے کاروبار شروع کرنا چاہا تو میرے پاس رقم نہیں تھی مگر اللہ نے آسانی کی اور مجھے سعودی نوجوان مل گیے جنہوں نے کار واش کا کام کرنے کو معیوب نہیں سمجھا‘۔
’غیر ملکی کارکن کے ویزوں کا اجرا کرنے اور انہیں تربیت دینے میں مجھے 6 ماہ لگنے تھے مگر سعودی نوجوان ملنے پر ہم نے کاروبار چار دن میں شروع کردیا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’اپنے ہاتھ سے محنت کرنے والے سعودی نوجوان غیر ملکیوں سے بہتر ہیں، وہ نہایت ایمانداری سے کام کرتے ہیں اور بہت محنتی ہیں‘۔
کار واش سینٹر میں کام کرنے والے نوجوان احمد عبیہ نے کہا ہے کہ ’کام سمجھنے میں دو دن لگے، اس کے بعد مہارت حاصل کرلی‘۔
’وقت کے ساتھ اپنے گاہکوں کا اعتماد حاصل کرلیا ، اب دور سے لوگ گاڑیاں دھلوانے آتے ہیں‘۔
سینٹر میں کام کرنے والے ایک اور نواجوان مازن نے بتایا ہے کہ ’ہم گزشتہ کئی ماہ سے یہاں کام کر رہے ہیں اور گاہکوں کو بہترین سروس فراہم کر رہے ہیں‘۔