سعودی دفاعی ملازمین کورونا ویکسین کی خوراک لینے کیلئے تیار
سعودی دفاعی ملازمین کورونا ویکسین کی خوراک لینے کیلئے تیار
جمعرات 18 فروری 2021 19:07
ملازمین کورونا ویکسین کے لیے بنائے گئے نظام میں رجسٹر کرائیں۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی مسلح افواج کے ملازمین کو کورونا وائرس کی ویکسین لگائی جانے کے لئے ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی فضائی دفاعی دستوں کے ڈپٹی کمانڈر میجر جنرل محمد البلاوی نے اجلاس میں ویکسین لگانے کے منصوبوں اور اقدامات کا جائزہ لیا۔
کورونا وائرس وبائی امراض کے لئے وزارت دفاع کےعارضی امدادی سیل کی ایک ٹیم کے ساتھ مملکت کے دیگر علاقوں کی ائیربیس اور دوسرے گروپوں کے قائدین اجلاس میں آن لائن شریک ہوئے۔
اجلاس میں تمام فوجی علاقوں میں قائم کورونا وائرس کے لیے ویکسین کے مراکز کے ذریعے وزارت دفاع کے ملازمین کو ویکسین لگانے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دریں اثنا وزارت دفاع کے تمام ملازمین پر زور دیا گیا ہےکہ اپنے اپنے یونٹوں کے ذریعے وزارت کی جانب سے کورونا ویکسین کے لیے بنائے گئے نظام میں رجسٹر کرائیں اور کورونا وائرس سے بچاو کے لیے تمام حفاظتی اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
وزارت کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر میں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کرنے والے کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔