ریاض، جدہ اور دیگر شہروں میں کورونا ایس او پیز کی سیکڑوں خلاف ورزیاں
وزارت افرادی قوت اور میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے تفتیشی کارروائیاں کی ہیں( فوٹو ٹوئٹر)
ریاض، جدہ اور دیگر شہروں میں وزارت تجارت اور میونسپلٹی کے انسپکڑوں نے کورونا ایس او پیز کی سیکڑوں خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی تفتیشی ٹیموں نے ایک ہفتے کے دوران دارالحکومت اور اس کی کمشنریوں میں کورونا ایس اوپیز کی 259 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔
وزارت کےانسپکٹرز نے ریاض کے علاوہ الافلاجِ، شقرا او رالزلفی کے تجارتی مراکز پر 2500 چھاپے مارے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت ریاض نے بیان میں بتایا کہ شاپنگ سینٹرز، تعمیراتی سامان فروخت کرنے والی دکانوں، فرنشڈ اپارٹمنٹ، ہوٹلوں، مردانہ لوازمات فروخت کرنے والے مراکز، سنگ مرمر، سیرامک شو رومز، مٹھائی کی دکانوں اور گھریلو فرنیچرز کے شو رومز پر تفتیشی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے تمام اداروں کو پھر ہدایت کی کہ وہ ایس او پیز کی پابندی اور قانون محنت کے متعلقہ فیصلے نافذ کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ خلاف ورزی کرنے والے یہ بات مدنظر رکھیں کہ ان پر نظر رکھی جارہی ہے اور انہیں جرمانے ہوں گے۔
دریں اثنا جدہ میونپسلٹی نے بھی تفتیشی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔ پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دو سو سے زیادہ اداروں اور تجارتی مراکز کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
طائف میونسپلٹی نے پرندوں کا حراج حفاظتی تدبیر کے طور پر سیل کیا ہے جہاں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی تدابیرکی پابندی نہیں کی جارہی تھی۔
طائف میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے پرندوں کے حراج کا دورہ کرکے مشاہدہ کیا تھا کہ وہاں اژدحام زیادہ ہے اور سماجی فاصلے کی پابندی ہورہی ہے اور نہ حفاظتی ماسک مناسب طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے۔