گزشتہ 13 دنوں میں 105 مساجد کو عارضی طور پر بند کیا جا چکا ہے( فوٹو سبق)
ریاض میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے مزید گیارہ مساجد کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔
مساجد میں آنے والے گیارہ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس پر احتیاط کے پیش نظر عارصی طور پر بند کیا گیا ہے۔
ویب نیوز ’سبق ‘نے وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ گزشتہ 13 دنوں میں 105 مساجد کو عارضی طور پر بند کرنے کے بعد مکمل طور پر سینیٹائزنگ کرکے 92 کو کھولا جاچکا ہے۔
مساجد میں آنے والوں کےلیے وزارت کی جانب سے ضوابط مقرر کیے گئے ہیں جن کے مطابق ہر نمازی اپنے ہمراہ جائے نماز لے کرآئے گا اور ہر شخص ماسک لگائے ہو۔
نماز کی ادائیگی کے بعد مساجد کو زیادہ دیر تک کھولے نہ رکھا جائے۔ نماز کے بعد جلد ہی مساجد بند کردی جائیں، اذان کے ساتھ ہی مساجد کے دروازے کھول دیئے جائیں تاکہ تازہ ہوا کی آمدورفت بہتر طریقے سے ہو۔
آنے والے نمازیوں کےلیے بہتر ہے کہ وہ گھروں سے وضو کرکے آئیں۔ مسجد میں داخل اور نکلتے وقت سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظررکھا جائے۔
واضح رہے جن مساجد میں آنے والے افراد کے بارے میں یہ معلوم ہوتا ہے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تو وہ مسجد کی انتظامیہ کو مطلع کردیتے ہیں جس پر فوری طور سے مساجد کے ادارے کی جانب سے مسجد کو بند کرکے وہاں سینیٹائزنگ کرنے کے بعد انہیں دوبارہ کھول دیاجاتا ہے۔
بعض مساجد میں لوگوں کی جانب سے پلاسٹک کی ڈسپوزایپل جائے نمازوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ وہ افراد جن کے پاس جائے نماز نہ ہووہ ان سے استفادہ کرسکیں۔