ولی عہد کے آپریشن کی کامیابی پر امارات اور کویتی قیادت کی مبارکباد
جمعرات 25 فروری 2021 18:27
کویتی قیادت نے ولی عہد کو آپریشن کی مبارکباد پیش کی ہے- (فوٹو عاجل)
متحدہ عرب امارات اور کویتی قائدین نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے آپریشن کی کامیابی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کو مبارکباد دی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو سعودی ولی عہد کے آپریشن کی کامیابی پر مبارکباد کا پیغام ارسال کیا ہے۔
امیر کویت نے شاہ سلمان کے نام تہنیتی پیغام میں دعا کی کہ وہ خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کو مکمل صحت و عافیت کی نعمت سے مالا مال رکھے اور سعودی عرب، اس کے عوام کو ترقی و خوشحالی سے نوازتا رہے۔
کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور کویتی وزیراعظم شیخ صباح خالد الحمد الصباح نے شہزادہ محمد بن سلمان کے آپریشن کی کامیابی پر خادم حرمین شریفین کے لیے الگ الگ تہنیتی پیغام ارسال کیے۔
امیر کویت نے کامیاب آپریشن پر شہزادہ محمد بن سلمان کو تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔
کویتی ولی عہد اور کویتی وزیراعظم نے بھی شہزادہ محمد بن سلمان کو الگ الگ تہنیتی پیغام ارسال کیے-
امارات کی خبر رساں ایجنسی’ وام‘ کے مطابق صدر شیخ خلیفہ بن زاید النھیان نے بھی شاہ سلمان بن عبدالعزیزکو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی کامیاب سرجری پر مبارکبادی دی ہے۔
نائب صدر و وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے بھی مبارکباد کے پیغامات سعودی ولی عہد کےلیے بھجوائے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں