Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور زلمی نے کوئٹہ کو تین وکٹوں سے شکست دے دی

سرفراز احمد نے 31 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ (فوٹو: پاکستان سپر لیگ)
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ سیزن چھ کا آٹھواں میچ آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا۔ 
پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈیٹرز کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی نے مقررہ 199 رنز کا ہدف 19.3 اوورز سات وکٹوں کے نقصان پر میں حاصل کیا۔
زلمی کی جانب سے حیدر علی نے نصٖف سینچری سکور کی جب کہ ردر فورڈ نے 18 گیندوں پر 36 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی۔
کپتان وہاب ریاض 20 رنز بنا کر حسنین کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ شعیب ملک 34 رنز بنائے اور کٹنگ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ 
حیدر علی 29 گیندوں پر شاندار نصف سینچری بنا کر ڈیل سٹین کی گیند پرکیچ آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو کامران اکمل صرف تین رنز بنا کر عثمان شنواری کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
ٹام کیڈمور بھی چار رنز ہی بنا پائے کہ انہیں ڈیل سٹین نے آؤٹ کر دیا۔

کیمرون ڈیلپورٹ صرف دو رنز بنا کر محمد عمران کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد اور اعظم خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 20 اوورز میں سات وکٹوں کے تقصان پر 198 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر کیمرون ڈیلپورٹ صرف دو رنز بنا کر محمد عمران کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
صائم ایوب نے فاف ڈو پلیسی کے ساتھ مل کر سکور میں کچھ اضافہ کیا تاہم وہ 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ 
اس کے بعد فاف ڈو پلیسی اور سرفراز احمد کے درمیان 40 رنز کی شراکت داری بنی، جس کے بعد  فاف ڈو پلیسی 37 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
جس کے بعد سرفراز احمد نے اور اعظم خان کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 105 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ سرفراز احمد نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 31 گیندوں پر اپنے 50 رنز مکمل کیے۔ وہ 81 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اعظم خان بدقسمتی سے اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور 20ویں اوور میں 47 رنز بنا کر ثاقب محمود کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ 
خیال رہے  پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ 

سرفراز احمد نے اور اعظم خان کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 105 رنز کی پارٹنرشپ بنی. (فوٹو: پاکستان سپر لیگ)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے دونوں گذشتہ میچز ہار چکی ہیں جبکہ پشاور زلمی نے پہلی ہار کے بعد اپنا دوسرا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز سے جیتا تھا۔ 
پوائنٹس ٹیبل کی فہرست پر بھی  پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا بالترتیب پانچواں اور چھٹا نمبر ہے۔
آج کے اس اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے سٹار پلیئر کرس گیل کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔ کرس گیل اپنے وطن واپس چلے گئے ہیں جہاں وہ ویسٹ انڈیز کے دورہ سری لنکا کے لیے ٹیم کا حصہ ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آج کے میچ کے لیے اپنی ٹیم میں اہم تبدیلیاں کی ہیں اور کیمرون ڈیلپورٹ، فاف ڈو پلیسی اور ڈیل سٹین کو شامل کیا ہے۔
آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیموں کا سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
پشاور زلمی: امام الحق، کامران اکمل، ٹام کیڈمور، شعیب ملک، حیدر علی، شرفین ردرفورڈ، وہاب ریاض (کپتان)، ثاقب محمود، محمد عمران، محمد عرفان۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد (کپتان)، فاف ڈو پلیسی، کیمرون ڈیلپورٹ، اعظم خان، صائم ایوب، بین کٹنگ، محمد نواز، زاہد محمود، ڈیل سٹین، محمد حسنین، عثمان شنواری۔
جمعرات کو اس سے پہلے ہونے والے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے ہرایا ہے۔ ملتان سلطانز نے 158 کا ہدف محمد رضوان اور صہیب مقصود کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 22 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔
محمد رضوان نے 76 اور صہیب مقصود نے 63 رنز کی اننگز کھیلیں۔ 

شیئر: