Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سے پاکستان واپسی پر عزیز و اقارب کے لیے کیا خریداری کریں؟

سعودی عرب میں پاکستانی شہریوں کی ایک بڑی تعداد روزگار کے لیے آباد ہے جو چھٹیوں پر وطن واپسی پر ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ اپنے اہلخانہ اور عزیز و اقارب کے لیے تحائف لے کر جائیں۔
کچھ عرصہ پہلے چھٹی پر وطن جانے سے قبل موبائل فون لانے کی فرمائش ملتی تھی مگر اب  یہاں سے موبائل فون لے جانے کا رواج  کافی کم ہو گیا ہے جس کی وجہ پاکستان میں موبائل فونز پر لگنے والا ٹیکس ہے۔ 
پاکستان سے آنے والے عمرہ زائرین اور عازمین حج واپسی پر کھجور اور آب زم زم کے علاوہ کمبل لازمی لے جاتے ہیں۔
اس بارے میں ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ کورونا سے پہلے حج اور عمرہ سیزن میں سب سے زیادہ طلب کمبلوں کی ہوتی ہے۔
سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی اولین ترجیج سونے کے زیورات ہیں جنہیں نہ صرف عمرہ زائرین،عازمین حج بلکہ یہاں رہنے والی فیملیز لازمی طور پر خریدتی اور لے کر جاتی ہیں۔ 
گزشتہ 20 برس سے مملکت میں مقیم احمد علی نے اردو نیوز کو بتایا کہ سعودی عرب میں طویل عرصہ قیام کے دوران میں ہر برس پاکستان جاتا ہوں۔ اگرچہ اہل خانہ کو ہر وہ چیز فراہم کردی ہے جن کی انہیں خواہش تھی مگر جب بھی جاتے ہیں کوئی نہ کوئی فرمائش لازمی ہوتی ہے۔ 
مارکیٹ سروے کے مطابق پاکستانی وطن جانے سے قبل نیشنل کی استری (بھاری والی) کمبل اور جوسر لازمی لیتے ہیں۔
کمبلوں کے حوالے سے ایک اور دکاندار کا کہنا تھا کہ موسم گرمی کا ہو یا سردی کا پاکستان جانے والے لازمی طور پر اپنے ساتھ کم از کم دو کمبل لے جاتے ہیں۔  

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی اولین ترجیج سونے کے زیورات ہوتے ہیں: فوٹو اے ایف پی 

اس حوالے سے ایک تارک وطن کا کہنا تھا کہ یہاں فروخت ہونے والے کمبل اچھے اور نسبتاً سستے ہوتے ہیں اس لیے لے جاتے ہیں علاوہ ازیں کمبلوں کی ضرورت ہمیشہ ہوتی ہے ایک برس میں کمبل پرانے ہو جاتے ہیں جبکہ شادی بیاہ کے موقع پر بھی یہ دیے جاتے ہیں۔ 
ایسے افراد جو تعمیرات کے شعبے سے تعلق رکھتے ہیں وہ ڈرل مشین لے اور ٹولز بکس لے جاتے ہیں۔

سعودی عرب سے موبائل فون پاکستان تحفے کے طور پر جاتے تھے لیکن اب یہ سلسلہ کافی کم ہو گیا ہے: فوٹو فری پکس

خواتین کا فوکس زیادہ مشہور برانڈ کا میک اپ کا سامان ہوتا ہے علاوہ ازیں ہیر ڈرائر اور زیورات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پرس بھی خواتین کی پسندیدہ اشیا میں شامل ہے جو وہ تحفے میں دینے کے لیے بھی خریدتی ہیں۔ 
وہ افراد جو سعودی عرب میں مقیم تھے اور اب پاکستان منتقل ہو گئے ہیں ان کی اپنے دوستوں یا عزیزوں سے ایک ہی فرمائش ہوتی ہے وہ ’البیک‘ (سعودی عرب کا معروف برانڈ چکن بروسٹ) جدہ سے جانے والی فلائٹس کے اکثر مسافروں کے ہاتھوں میں ’البیک‘ بروسٹ کے ڈبے دیکھے جاتے ہیں جو وہ جہاز میں سوار ہوتے ہی جہاز کے عملے کے پاس رکھوا دیتے ہیں۔ 

شیئر: