غیرملکی ٹرانسپورٹ اداروں اور ٹرکوں کےلیے نئے ضوابط
غیر قانونی سرگرمیاں روکنے کے لیے 18 سفارشات منظور کی گئی ہیں(فوٹو اخبار 24)
سعودی پبلک پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر رمیح الرمیح نے کہا ہے کہ غیرملکی ٹرکوں کو غیر قانونی سرگرمیوں سے روکنے کے لیے 18 سفارشات منظور کی گئی ہیں ان پر جلد عملدرآمد شروع ہوگا۔
اخبار 24 کے مطابق اتھارٹی کے سربراہ نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کئی سرکاری اداروں سے رابطے کیے ہیں جو فیکٹریوں اور تجارتی مراکز کو اندرون ملک سامان منتقل کی منتقلی کے سلسلے میں غیرملکی ٹرانسپورٹ اداروں اور ٹرکوں کے ساتھ معاہدے سے روکیں گے۔
ڈاکٹر رمیح الرمیح نے الشرقیہ ایوان صنعت و تجارت کے زیر انتظام منعقدہ پروگرام کے دوران مزید کہا کہ سامان کی منتقلی کے سلسلے میں جو پابندیاں سعودی ٹرانسپورٹرز پر لاگو ہیں وہ غیرملکی ٹرانسپورٹرز پر بھی لاگو ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ کسی بھی عارضی ٹرک کو خلاف ورزیوں کے جرمانے ادا کیے بغیرملک میں داخل ہونے دیا جائے گا اور نہ اسے یہاں سے نکلنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ خلاف ورزیوں کے ریکارڈ کی صورت میں مملکت آنے کا ویزا جاری نہیں ہوگا۔
الرمیح نے بتایا کہ بہت جلد وزارت نقل و حمل کے ماتحت لاجسٹک شعبہ قائم کیا جائے گا۔ تمام شرکا کے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر لاجسٹک لائسنس نظام لاگو کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کے مغربی ساحل کو مشرقی ساحل اور خشک بندرگاہوں سے جوڑنے والی ریلوے لائن ڈالی جائے گی۔
یاد رہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی غیرقانونی طریقے سے سامان منتقل کرنے والے ٹرکوں کے خلاف مملکت بھر میں چھاپہ مہم چلائے ہوئے ہے۔