چار شہروں میں مزید 6 مساجد عارضی طورپر بند
مساجد کو سینیٹائزنگ کے بعد دوبارہ کھولا جائے گا۔ ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور نے مملکت کے چار شہروں کی 6 مساجد میں کورونا کے مریضوں کی تصدیق ہونے پر انہیں عارضی طورپر بند کردیا ہے۔
کورونا کے چھ مریضوں کی تصدیق ہوئی تھی ۔ مساجد کو سینیٹائزنگ کے لیے عارضی طور پربند کرکے انہیں دوبارہ کھولا جائے گا۔
ویب نیوز سبق نے وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 27 دنوں میں مملکت کے مختلف شہروں میں 224 مساجد میں نمازیوں کے درمیان کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں عارضی طور پر بند کیا گیا تھا۔
سینیٹائزنگ کے بعد 208 مساجد کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے جبکہ دیگر مساجد کی سینٹائزنگ جاری ہے۔
واضح رہے وزارت اسلامی امور کی جانب سے کورونا وائرس سے حفاظت کی خاطر مساجد کے آئمہ اور انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کورونا وائرس کے کسی بھی کیس کے سامنے آنے پر فوری طور پر وزارت کو مطلع کیاجائے۔
جہاں بھی نمازیوں میں کورونا کا کوئی کیس آتا ہے مساجد لو عارضی طور پر بند کرکے وہاں مسلسل کئی دن تک جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیاجاتا ہے تاکہ انہیں مکمل طورپر جراثیم کش کیاجاسکے۔
یاد رہے وزارت اسلامی امور کی جانب سے نمازیوں کےلیے خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مساجد میں آتے وقت اپنی جائے نمازیں ہمراہ لائیں اور صفوں کے درمیان فاصلہ رکھیں تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔