90 فیصد پاکستانیوں کی عربی زبان کی لازمی تعلیم کی حمایت، سروے
فروری میں سینیٹ پاکستان نے عربی زبان کی لازمی تعلیم کا بل منظور کیا تھا۔ فوٹو عرب نیوز
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے سکولوں میں عربی زبان کی تعلیم لازمی کرنے کی 90 فیصد پاکستانیوں نے حمایت کی ہے۔
عرب نیوز نے حالیہ گیلپ سروے کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 90 فیصد پاکستانی سکولوں میں عربی زبان پڑھانے کی حمایت کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ نے ’عربی زبان کی لازمی تعلیم کا بل 2020‘ منظور کیا تھا جس کے تحت دارالحکومت اسلام آباد کے تمام پرائمری اور سیکینڈری سکولوں میں عربی زبان کی تعلیم کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کی جانب سے کروائے گئے سروے کے مطابق اسی سے نوے فیصد پاکستانیوں نے کہا ہے کہ وہ سینیٹ بل کی حمایت کرتے ہیں جس کے تحت عربی زبان نصاب کا حصہ ہوگی۔
سروے میں پاکستان کے تمام صوبوں کے ایک سو اضلاع سے 1 ہزار 503 خواتین اور مردوں سے ان کی رائے حاصلی کی گئی تھی، جن میں دیہی اور شہری علاقوں کے لوگ شامل تھے۔
سروے 6 سے 27 فروری کے درمیان کیا گیا تھا۔
عربی زبان کی تعلیم کے حوالے سے بل کو قانون میں بدلنے کے لیے قومی اسمبلی سے منظور ہونا لازمی ہے۔
اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے سینیٹر جاوید عباسی نے بل متعارف کروایا تھا۔