سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے ہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا کے نئے کیسز مسلسل 300 سے زیادہ آرہے ہیں۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’ بدھ کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 386 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 245 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید چھ مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد چھ ہزار 545 ہو گئی ہے۔‘
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد دو ہزار 830 ہے، جن میں سے 528 کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
جاری اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 177 ہے جبکہ الشرقیہ ریجن میں 81 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
مکہ ریجن میں کورونا کے 43 مریض سامنے آئے۔ حائل ریجن میں 16 اور مدینہ منورہ ریجن میں 13 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
القصیم ریجن میں یارہ، عسیر ریجن میں دس، الحدود الشمالیہ اور جازان ریجن میں آٹھ ، آٹھ ، تبوک اور الجوف ریجن میں چھ ، چھ، نجران ریجن میں چار جبکہ الباحہ ریجن میں دو مریض سامنے آئے ہیں۔
اب تک تین لاکھ 80 ہزار 958 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے تین لاکھ 71 ہزار 583 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔