نمازیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے پر مزید 8 مساجد عارضی طور پر بند
بند کی جانے والی 276 مساجد کو سینیٹائزنگ کے بعد کھولا جا چکا ہے۔( فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے چھ علاقوں میں نمازیوں کے کورونا میں مبتلا ہوجانے پر مزید 8 مساجد عارضی طور پر بند کی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت اسلامی امور نے بیان میں بتایا کہ جو مساجد بند کی گئی ہیں ان میں سے تین کا تعلق الباحہ ریجن جبکہ پانچ کا تعلق مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تبوک، عسیر اور حدود شمالیہ سے ہے۔
وزارت اسلامی امور نے کہا کہ گزشتہ 37 روز کے دوران 294 مساجد عارضی طور پر بند کی گئی ہیں ،ان میں سے 276 کھولی جا چکی ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے نمازیوں اور مساجد کے منتظمین سے پھر کہا کہ وہ فرض شناسی کا مظاہرہ کریں۔ نمازیوں کی صحت و سلامتی کی خاطر کورونا سے بچاؤ کے لیے مقرر ایس او پیز کی پابندی کریں۔
وزارت اسلامی امور نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے مملکت بھرکی مساجد میں 21 ہزار سے زیادہ تفتیشی دورے کیے گئے۔
اس دوران 314 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ 2104 مساجد میں حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد میں لاپروائی نوٹ کی گئی۔