انگلینڈ میں ارب پتی مسلمان بھائی ’عظیم الشان‘ مسجد تعمیر کریں گے
مسجد 50 لاکھ پاؤنڈز کی لاگت سے بلیک برن کے علاقے میں بنائی جائے گی (فوٹو: عیسیٰ فاؤنڈیشن)
شمال مشرقی انگلینڈ میں عظیم الشان مسجد بنانے کے حوالے سے دو ارب پتی مسلمان بھائیوں کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ مسجد 50 لاکھ پاؤنڈز کی لاگت سے بلیک برن کے علاقے میں بنائی جائے گی۔ دونوں بھائیوں کو مسجد کے میناروں کی اونچائی اور وہاں سے ہونے والے شور کے حوالے سے اعتراضات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
تاہم اٹھائے جانے والے 21 اعتراضات کو حل کرنے کی عیسٰی فاؤنڈیشن کی یقین دہانی کے بعد لوکل کونسل نے منصوبے کی منظوری دے دی۔
اس حوالے سے کونسلر فل ریلے کا کہنا ہے کہ ’یہ ایک متاثرکن سہولت ہو گی اور شہر کی خوبصورتی بڑھائے گی۔‘
منصوبے کا کام اب آگے ایک سابق سکول کی جانب سے دیے جانے والے مقام پر شروع کیا جائے گا۔
اعتراضات اٹھانے والوں میں ڈیموکریٹ کونسلر پال براؤنے بھی شامل تھے جو کمیٹی کے سامنے رکھے گئے جن میں میناروں کی اونچائی اور اذان کی آواز پر بات کی گئی تھی۔
تاہم منصوبہ بندی مینجر گاوین پریسکاٹ کا کہنا ہے کہ 29 میٹر بلند میناروں کی اونچائی علاقے میں موجود دو چرچوں کے میناروں کی مناسبت سے رکھی جائے گی۔
اذان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آواز کو بڑھانے کے لیے آلات استعمال نہیں کیے جائیں گے۔
کونسل کے سربراہ ریلے اس منصوبے کے حوالے سے کہتے ہیں کہ ’یہ کوئی عام مسجد نہیں ہو گی بلکہ اہم گیٹ وے میں ایک عظیم الشان عمارت ہوگی‘
ان کا مزید کہنا ہے کہ ’اس کے اسلامی طرز تعمیر سے بلیک برن کی جدید شکل جھلکے گی اور اس سے ظاہر ہو گا کہ بلیک برن ایک متنوع شہر ہے جہاں مختلف کمیونیٹیز مل کر رہتی ہیں۔‘
عیسیٰ فاؤنڈیشن نے مسجد کے قریب پارکنگ بنانے اور دوسرے حفاظتی انتظامات کے لیے 30 ہزار پاؤنڈ دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔