تائیوان: فائٹر جیٹ فضا میں ٹکرانے سے ایک پائلٹ ہلاک، ایک لاپتہ
تائیوان کی فضائیہ کے دو فائٹر جیٹ ایف۔فائیو ای ریڈار سے غائب ہو گئے تھے۔ فائل فوٹو اے ایف پی
تائیوان کی فضائیہ کے دو فائٹر طیاروں کے فضا میں ٹکرانے سے ایک پائلٹ ہلاک ہو گیا ہے، جبکہ دوسرے پائلٹ کی تلاش جاری ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تائیوان کی فضائیہ کے دو فائٹر جیٹ ایف فائیو ای پیر کو گرینچ مین ٹائم کے مطابق دوپہر تین بجے ریڈار سکرینز سے غائب ہو گئے تھے۔
نیشنل ریسکیو کمانڈ سینٹر نے کہا ہے کہ فائٹر طیارے تائیوان کے ساحلی علاقے پنگ ٹینگ سے تقریباً 2.6 کلو میٹر دور تھے جب ریڈار سے غائب ہوئے۔
ایک پائلٹ بے ہوشی کی حالت میں سمندر سے ملا تھا جس کو ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ دیا جبکہ دوسرے پائلٹ کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ مقامی ہائی وے پر ایک سیٹ پڑی ملی ہے جس کے ساتھ پیرا شوٹ جڑا ہوا تھا۔
گزشتہ چند سالوں میں تائیوان کے فائٹر طیارے کئی حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔ تائیوان کی فضائیہ کو چین کی جانب سے مسلسل دباؤ کا سامنا رہتا ہے۔
چین جمہوری ملک تائیوان کو ابھی بھی اپنا حصہ سمجھتا ہے اور اس پر قابض ہونے کے لیے کوشاں ہے۔
گزشتہ سال اكتوبر میں بھی ایف فائیو ای فائٹر جیٹ کے تباہ ہونے کا حادثہ پیش آیا تھا جس میں ایک پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔
اس واقعے کے ایک ماہ بعد تائیوان نے عارضی طور پر تمام ایف سولہ فائٹر طیارے سیفٹی چیک کے لیے گراؤنڈ کر دیے تھے۔