امارات میں کورونا کے ایک ہزار 871 نئے کیسز
کورونا کے مزید ایک لاکھ 85 ہزار 531 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔(فوٹو اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں پیر کو پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار 871 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 42 ہزار 226 ہوگئی ۔
نئے مریض مختلف قومیت سے ہیں ، ان سب کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری علاج فراہم کیا جارہا ہے۔
امارت کے سرکاری خبر رساں ادارے ’وام‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران جدید تشخیصی آلات کی مدد سے کورونا کے مزید ایک لاکھ 85 ہزار 531 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران زیرعلاج مریضوں میں سے مزید 7 چل بسے۔ مجموعی اموات کی تعداد ایک ہزار 445 ہوگئی ہے۔
وبا سے متاثرہ مریضوں میں سے مزید دو ہزار 144 مکمل صحتیاب ہوگئے۔ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 4 لاکھ 24 ہزار 840 ہوگئی۔
وزارت نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے پھر اپیل کی کہ احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے کی پابندی جاری رکھیں۔
علاوہ ازیں وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 75 ہزار 957 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔ مجموعی طور پر 73 لاکھ 74 ہزار 725 شہریوں اور غیر ملکیوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔