Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے گیارہ اپریل تک بند رکھنے کا اعلان

بدھ کو این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح آٹھ فیصد سے بڑھ گئی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال پر نظر رکھنے اور اس حوالے سے اقدامات کی منظوری دینے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے گیارہ اپریل تک بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ جن شہروں میں کورونا کا پھیلاؤ زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے گیارہ اپریل تک بند رکھے جائیں گے۔ نویں تا بارہویں کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے۔
این سی او سی کے بدھ کو جاری کیے اعلامیے کے مطابق ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح آٹھ فیصد سے بڑھ گئی ہے۔
شفقت محمود نے بتایا کہ اجلاس میں ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ڈیٹا سے معلوم ہوا کہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں وبا کا پھیلاؤ دیگر علاقوں کے مقابلے میں کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ فیصلہ جو گذشتہ اجلاس میں کیا گیا تھا کہ پندرہ سے اٹھائیس مارچ تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے اسی کے تحت گیارہ اپریل تک ان اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ان اضلاع اور شہروں کا فیصلہ متعلقہ صوبوں کی حکومتیں اور مقامی انتظامیہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔ نویں تا بارہویں کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے۔ 
صوبہ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے اعلان کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا اور شیخوپورہ میں تمام سرکاری اور نجی سکول گیارہ اپریل تک بند رہیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دیگر اضلاع میں تعلیمی ادارے پرانے شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
دوسری جانب آل پاکستان پرائیوٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
آل پاکستان پرائیوٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرار حسین کا کہنا ہے کہ ’تعلیمی اداروں کی بندش کسی صورت قابل قبول نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حکومت نے استاتذہ اور تعلیمی اداروں کو آسان ٹارگٹ سمجھا ہوا ہے۔ اس فیصلے کو نہیں مانتے، اب استاتذہ ملک و قوم کے لیے لانگ مارچ کریں گے۔‘
پنجاب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے بھی مخصوص اضلاع میں سکولوں کی بندش کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’لاہور، گجرنوالہ، راولپنڈی، گجرات، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا اور شیخو پورہ میں تمام سرکاری اور نجی سکول 11 اپریل تک بند رہیں گے۔‘
خیبر پچتونخواہ کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے بھی صوبے کے 10 اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’صوبہ خیبر پختون خوا کے کورونا سے متاثرہ 10 اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل 2021ء تک بند رکھے جائیں گئے جن میں پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، لوئر دیر، ملاکنڈ، سوات، نوشہرہ اور بونیر شامل ہیں۔‘
گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں تین ہزار 301 نئے کورونا کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ اس دوران 30 افراد عالمی وبا سے ہلاک ہوئے۔ ملک میں اس وقت ایکٹیو کورونا کیسز کی تعداد 36 ہزار 849 ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے پہلے ہی آٹھ فیصد سے زائد کورونا مثبت آنے کی شرح والے شہروں میں سخت پابندیوں کا اعلان کیا ہے جن کا اطلاق گیارہ اپریل تک ہو گا۔
22 مارچ کو این سی او سی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اجلاس میں ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر میں شدت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
 

شیئر: