Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ریاست مہاراشٹر میں کورونا کے ریکارڈ کیسز

انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 62 ہزار 714 کیسز ریکارڈ ہوئے( فوٹو روئٹرز)
انڈیا کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں حکام نے اتوار کو کورونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آنے کے بعد رات کا کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
انڈیا کے معاشی دارالحکومت ممبئی میں ایک دن میں کورونا کے چھ ہزار 123 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو گذشتہ سال مارچ کے بعد ایک دن میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ممبئی کے میئر کشور پیڈنیکر نے کہا ’ہم کچی آبادیوں کی نسبت بلند و بالا رہائشی عمارتوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح زیادہ دیکھ رہے ہیں، کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صرف ضروری خدمات کی اجازت ہو گی۔ ‘
ان کا مزید کہنا تھا ہوٹلوں، پبز اور شاپنگ مالز کو ہر صورت رات کے کرفیو کے قواعد پر عمل کرنا ہو گا۔
انڈیا کی وزارتِ صحت نے اتوار کو بتایا کہ ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 62 ہزار 714 کیسز ریکارڈ ہوئے۔ یہ گذشتہ سال وسط اکتوبر کے بعد ایک دن میں سامنے آنے والے کورونا کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
متعدد سرکاری ہسپتالوں نے اطلاع دی ہے کہ ممبئی شہر میں انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں بستروں کی شدید کمی ہے۔
جہاں مہاراشٹر میں کورونا کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے وہیں کئی دیگر ریاستوں جن میں کیرالہ، پنجاب، کرناٹک،گجرات، تمل ناڈو، ہریانہ اور مدھیہ پردیش شامل ہیں میں بھی کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ملک کی آبادی کے صرف ایک حصے کو ویکسین دی جا چکی ہے۔(فوٹو روئٹرز)

انڈیا کے شہریوں نے حکومت کی ویکسین برآمد کرنے کی تشہیری مہم پر سوال اٹھانا شروع کر دیا ہے جبکہ ملک کی آبادی کے صرف ایک حصے کو کورونا کی ویکسین دی جا چکی ہے۔
انڈیا نے گرانٹ اور تجارتی انتظامات کے تحت 77 سے زیادہ ممالک کو 61 ملین ویکسین کی خوراک فراہم کی ہے۔
نئی دہلی میں وزارت صحت کے حکام نے کہا ہے کہ حکومت نے کوویڈ 19 میں اضافے کے بعد اپنے داخلی ویکسینیشن پروگرام پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے بعد ویکسین کی برآمدات میں فوری توسیع نہیں کی جا سکے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈیا میں اب تک 40 ملین سے زیادہ افراد کو کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک مل چکی ہے لیکن یہ ملک کی 1.35 بلین آبادی کا 4 فیصد سے بھی کم ہے۔
انڈیا کی وزارتِ صحت کے ایک اہلکار ایس کے سنہانے کہا ’ویکسینیشن مہم کو بڑے پیمانے پر بڑھایا جانا چاہیے، پورے ملک میں ٹیسٹ، ٹریس اور آئسولیشن کے پروٹوکول کو مضبوط بنانا چاہیے۔‘

شیئر: