Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رمضان میں عمرے کے لیے کورونا ویکسین کی شرط نہیں‘

اندرون مملکت سے 18 سے 70 برس کے لوگوں کو عمرے کی اجازت ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر وزارت حج)
سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ابھی تک اندرون مملکت سے عمرہ زائرین کے لیے کورونا ویکسین کی شرط نہیں ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج سے ایک زائر نے استفسار کیا تھا کہ رمضان میں عمرے کے لیے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ ضروری ہوگا۔ کئی لوگ اس کا دعوی کر رہے ہیں، حقیقت کیا ہے؟
وزارت حج و عمرہ نے ٹوئٹر پر استفسار کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اب تک عمرہ کے لیے کورونا ویکسین کی شرط نہیں ہے۔‘
وزارت حج وعمرہ نے کہا کہ ’وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق اندرون مملکت سے 18 سے 70 برس تک کی عمر کے لوگوں کو عمرے کی اجازت ہے۔‘
وزارت حج و عمرہ نے اس سے قبل کہا تھا کہ  رمضان کے دوران عمرے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامے استقبالیہ سینٹرز پر چیک کیے جائیں گے جبکہ وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد بھی سختی کے ساتھ کرایا جائے گا۔
یاد رہے کہ وزارت حج نے اس سے قبل ایک سرکلر جاری کیا تھا جس میں رمضان شروع ہونے سے قبل حج وعمرے کی خدمات سے متعلق تمام کارکنوں کو کورونا ویکسین لگوانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

حج وعمرے کی خدمات سے متعلق تمام کارکنوں کو ویکسین لگوانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ (فوٹو ایس پی اے)

سرکلر میں  کہا گیا تھا کہ جو کارکنان ویکسین نہیں لگوائیں گے انہیں ہر ہفتے پی سی آر منفی ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہو گی اور ٹیسٹ کی فیس متعلقہ ادارے کے ذمے ہوگی۔
سعودی عرب میں کورونا کے نئے کیسز چند دنوں سے مسلسل  500 سے زیادہ سامنے آ رہے ہیں جبکہ ایکٹیو کیسز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
 مملکت میں کورونا کے یومیہ نئے کیسز سو سے بھی کم آ رہے تھے۔ چھ  ماہ بعد اب نئے کیسز دوبارہ بڑھ رہے ہیں۔

شیئر: