Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سفیر نے گھر بیٹھے پورے پاکستان کی سیر کر لی

سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے اسلام آباد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’پاکستان کے شہروں کی تصویریں شیئر کریں۔‘ (فوٹو: سعودی سفارتخانہ)
پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے ہفتے کے روز اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایکسپریس وے کی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی۔
انھوں نے تصویر کے ساتھ خوبصورت اسلام آباد کا کیپشن لگایا اور صارفین سے کہا کہ ’میرے ساتھ پاکستان کے خوبصورت شہروں کی تصاویر شیئر کریں۔‘
 صارفین نے سعودی سفیر کی ٹویٹ کو ہاتھوں ہاتھ لیا اور چند منٹوں میں انھیں پورے پاکستان کی سیر کرا دی۔
صارفین نے اسلام آباد، لاہور، ملتان، ہنزہ، سکردو، چنیوٹ، خیرپور، مری، شانگلہ، گوادر، جہلم، سرگودھا، بہاولپور، پاکپتن اور ملک کے کئی دیگر شہروں کی تصاویر شیئر کیں۔
تصاویر شیئر کرنے والوں نے جہاں پاکستان کے قدرتی حسن پر مبنی تصویر ٹویٹ کیں، وہیں پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی مراکز، فصلوں، جدید شاہراہوں اور شہری و دیہاتی ماحول کے حسین امتزاج کو یکجا کر دکھایا۔
صارف اویس احمد خان نے فوٹو گرافر حسن طلال ٹوانہ کی تصویر ٹویٹ کی جس میں ایک پگڈنڈی پر پرانی سائیکل کھڑی کی گئی ہے۔

ایک اور صارف یاسر مرزا نے یکے بعد دیگر پاکستان کے حسین ترین مقامات کی تصاویر شیئر کیں، جن میں چاروں صوبوں کے تاریخی و سیاحتی مقامات کی جھلک نظر آئی۔

رانا فہد شفیق نے اپنے گاؤں کی تصویر ٹویٹ کی جس میں پنجاب کا دیہاتی رہن سہن نظر آتا ہے۔ آب پاشی کے نظام پر مبنی نالے کے ساتھ پکی سڑک، کھیت، آم کے درخت اور کچے مکان ساری کہانی سنا رہے تھے۔
ایک اور صارف محمد حسین نے سندھ کے ضلع خیر پور میں میلوں تک پھیلے کجھوروں کے باغات اور ان کے بیچوں بیچ طول سڑک کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’خیر پور پاکستان میں کھجوروں کی پیداوار کا مرکزی مقام ہے۔‘

ایک صارف ہلال ہینڈل نے سکردو کے حسین نظاروں کی سیر کروائی۔
قمر وٹو نے پاکپتن شہر کا رات کا منظر ٹویٹ کیا۔

سعودی سفیر کی اس سرگرمی نے صرف انھیں ہی خوبصورت پاکستان کے نظارے دیکھنے کو مہیا نہیں کیے بلکہ پاکستانی صارفین کو اپنے ملک کی حسین تصاویر، بہتر تشخص اجاگر کرنے اور چھٹی کے دن اچھا سوچنے کا موقع فراہم کیا۔

شیئر: