ابو ظبی کے ولی عہد سے عراق کے وزیر اعظم کی ملاقات
دونوں رہنماوں میں متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔( فوٹو وام)
ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید اور عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی کے درمیان اتوار کو ابوظبی کے قصرالوطن میں ملاقات ہوئی ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنیس وام کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو بہترین دوطرفہ مفاد میں مختلف شعبوں میں فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ باہمی دلچسپی سے متعلق متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ترقیاتی تعاون، اقتصادی و سرمایہ کاری شعبوں میں تعلقات اور سیاسی روابط زیر غور آئے۔ صحت ، توانائی اور انفراسٹرکچر شعبوں میں تعاون کے امکانات کے ساتھ اہم مشترکہ منصوبوں کے لیے مل کر کام کرنے پر گفتگو کی گئی۔
شیخ محمد بن زاید اور عراقی وزیراعظم نے تازہ ترین علاقائی صورتحال سمیت دیگر متعدد امور پر تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔
یاد رہے کہ عراقی وزیراعظم اتوار کو سرکاری دورے پر ابوظبی پہنچے تھے۔ ایئر پورٹ پر ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے ان کا خیر مقدم کیا۔
شیخ محمد زاید نے ٹویٹ کیا ’عراق کے وزیر اعظم برادر مصطفی الکاظمی کا متحدہ عرب امارات میں خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی ہے جہاں وہ ہمارے خاندان میں شامل ہیں‘۔
’برادر ممالک کی خوشحالی اور ترقی کے حوالے سے مفید بات چیت کا منتظر ہوں‘۔