کس عمر کے افراد بغیر وقت لیے ویکسین لگوا سکتے ہیں؟
سعودی عرب میں اب تک 60 لاکھ ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ ( فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ 75 برس اور اس سے زیادہ عمر کے لوگ صحتی ایپ سے اندراج کرائے بغیر کسی بھی سینٹر پہنچ کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔ ان کے لیے صحتی ایپ کے ذریعے ویکسین کی تاریخ اور وقت لینا ضروری نہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ 75 برس اور اس سے زیادہ عمر کے لوگ سعودی عرب کے کسی بھی علاقے میں کسی بھی ویکسین سینٹر پہنچ کر کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے ویکسین لے سکتے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں 587 سے زیادہ سینٹرز 60 لاکھ کے لگ بھگ ویکسین کی خوراکیں دے چکے ہیں۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ ہماری نظر میں والدین کی سلامتی اہم ہے۔ ویکسین کے سلسلے میں انہیں سب سے اوپر رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 75 برس اور اس سے زیادہ عمر کے بزرگوں کو ویکسین لینے کے لیے تاریخ اور وقت لینے کی کوئی ضرورت نہیں۔