’کرن وازن: میری دنیا‘، لبنانی فیشن بلاگر کی پہلی گیمنگ ایپ
گیمنگ ایپ تمام ایپ سٹورز پر انگریزی اور عربی زبان میں موجود ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
لبنان سے تعلق رکھنے والی برطانوی فیشن بلاگر اور ڈیزائنر نے موبائل گیم ایپ لانچ کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق لبنانی نژاد برطانوی فیشن بلاگر کرن وازن نے پہلی گیم ایپ لانچ کی ہے جو ایپل اور اینڈروئیڈ دونوں سسٹمز پر میسر ہے۔
’کرن وازن: میری دنیا‘ کے نام سے لانچ ہونے والی موبائل گیم تمام ایپ سٹورز پر موجود ہے۔
یہ گیم دراصل کرن وازن کی حقیقی زندگی سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔ کرن وازن کی گیم ’کم کرداشیان: ہالی وڈ‘ نامی گیم کی طرز پر بنائی گئی ہے جو کھیلنے والوں کو اپنا عادی بنا دیتی ہے۔
کرن وازن کی گیمنگ ایپ بغیر پیسے ادا کیے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔ اس گیم کے مختلف لیولز ہیں جو فیشن بلاگر کرن وازن کی زندگی کے اہم لمحات پر مبنی ہیں۔
یہ گیم کھیلنے والے بھی انہی سب لمحات کا تجربہ حاصل کر سکیں گے جو کرن وازن نے حقیقی زندگی میں حاصل کیے۔
کرن وازن نے بتایا کہ انہیں گیمنگ ایپ کا خیال لاک ڈاؤن کے دوران آیا جب فیملی کے ساتھ مختلف گیمز کھیلنا پریشانیوں کو دور کرنے کا واحد ذریعہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں رہتے ہوئے اکثر لوگوں کی طرح انہیں بھی تفریح کرنے اور مثبت رہنے کے لیے کوئی تخلیقی رستہ نکالنا پڑتا تھا، اس دوران یہ معلوم ہوا کہ فیملی کے ساتھ گیمز کھیلنے سے ذہنی دباؤ کافی حد تک کم ہو جاتا ہے۔
کرن وازن کی موبائیل گیم میں ان کے علاوہ دو اور بھی کردار ہیں جن میں سے ایک کرن کی والدہ جبکہ دوسرا کردار ان کے شوہر الیاس بخاری کا ہے۔
اس گیم میں صارفین کرن کا گھر سجا سکیں گے، ان کی شادی کی پلاننگ کے علاوہ فیشن بلاگر کا سٹائل بھی تبدیل کر سکیں گے۔
’کرن واز: مری دنیا‘ گیمنگ ایپ انگریزی کے علاوہ عربی زبان میں بھی دستیاب ہے۔ تین بچوں کی والدہ کرن وازن کا ٹیکنالوجی کی دنیا میں یہ پہلا قدم ہے۔