کورونا وائرس، مزید اٹھارہ مساجد عارضی طور پر بند
گزشتہ 64 روز کے دوران 570 مساجد بند کی گئی ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے 18 نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر 8 علاقوں میں مزید 18 مساجد عارضی طور پر بند کی ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت اسلامی امور نے گزشتہ 64 روز کے دوران 570 مساجد بند کی گئی ہیں ان میں سے 542 مساجد سینیٹائزنگ اور حفظان صحت کے انتظامات مکمل ہونے پر بحال کی گئی ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے بتایا کہ پیر کو جو مساجد بند کی گئی ہیں ان میں سے پانچ کا تعلق قصیم، چار کا مکہ مکرمہ، تین کا مدینہ منورہ، دو کا ریاض جبکہ الشرقیہ، نجران، عسیر اور باحہ سے ایک، ایک سے ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ پیر کو 16 مساجد بحال کی گئی ہیں ان میں سے پانچ عسیر ریجن، چار مکہ مکرمہ ریجن، تین ریاض ریجن، دو، دو الشرقیہ اور الشمالیہ ریجن سے ہے۔
وزارت اسلامی امور نے تمام نمازیوں اور مساجد کے منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ کورونا ایس او پیز کی پابندی کریں۔ مسجد آتے جاتے وقت ماسک کا استعمال کریں۔ جانماز ساتھ لائیں، سماجی فاصلہ اور نمازیوں کی صحت و سلامتی کا خیال رکھیں۔