Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول تماشا نہ لگائیں ذمہ داری سے بات کریں: شاہد خاقان عباسی

شاہد خاقان عباسی نے پیپلز پارٹی کے معافی مانگنے کے مطالبے پر کہا کہ معافی وہ مانگتا ہے جو عہد توڑتا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جنرل سیکرٹری و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بلاول پارٹی کے چیئرمین ہیں وہ تماشا نہ لگائیں ذمہ داری سے بات کریں۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اگر پی پی پی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں میرا خط پھاڑ کر پھینکا گیا ہے تو میرا جواب بھی ہے خدا حافظ۔
شاہد خاقان عباسی نے پیپلز پارٹی کے معافی مانگنے کے مطالبے پر کہا کہ معافی وہ مانگتا ہے جو عہد توڑتا ہے۔
 
انہوں نے بلاول کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تماشہ نہ لگائیں۔ ’بلاول  نے جوباتیں کی ہیں اس سے اعتماد بحال نہیں ہوگا۔‘
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ جو جماعت اپنی زبان سے پھر جائے وہ پی ڈی ایم میں نہیں رہ سکتی۔
ان کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم کا اگلا اجلاس مولانا فضل الرحمان طلب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کا اعتماد توڑا ہے۔  انہوں نے کہا کہ انہیں کسی سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وضاحت  دیں پھر پی ڈی ایم دیکھیے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کی جانب سے شوکاز نوٹس بھیجنے کے ردعمل میں اپوزیشن اتحاد کی سٹیئرنگ کمیٹی اور دیگر عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
گزشتہ روز پیپلز پارٹی کی سی ای سی کے اجلاس کے دوران پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس کا ایشو زیر بحث آیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بلاول نے شاہد حاقان عباسی کی جانب سے بھیجا گیا نوٹس اجلاس میں پڑھ کر سنایا تھا اور پھر اسے پھاڑ کر پھینک دیا تھا۔

شیئر: