شہزادہ فلپ کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں، جارج چیپل میں سپرد خاک
شہزادہ فلپ کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں، جارج چیپل میں سپرد خاک
ہفتہ 17 اپریل 2021 19:19
ملکہ برطانیہ نے تنہا کھڑے اپنے شوہر کو آخری مرتبہ الوداع کہا۔ فوٹو اے ایف پی
ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ کی آخری رسومات ادا کرتے ہوئے انہیں جارج چیپل میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ کو سنیچر کے روز ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کے دیگر ارکان کی مووجودگی میں جارج چیپل میں دفنایا گیا جہاں تین بادشاہوں سمیت شاہی خاندان کے 24 دیگر ارکان بھی دفن ہیں۔
رسومات کی تقریب میں شہزادہ فلپ کی رائل نیوی سے وابستگی اور ملکہ برطانیہ کے ساتھ ستر سالہ وفاداری کو سراہا گیا۔
ملکہ برطانیہ اور شہزادہ فلپ کا 73 سالہ ازدواجی زندگی کا ساتھ 9 اپریل کو ڈیوک آف ایڈنبرا کی 99 سال کی عمر میں وفات کے ساتھ ہی ٹوٹ گیا۔
سنہ 1997 میں ملکی برطانیہ نے اپنے شوہر شہزادہ فلپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہیں اپنی ’طاقت‘ قرار دیا تھا۔
شہزادہ فلپ کے تابوت کو خاص طور پر تیار کردہ ایک لینڈ روور پر ونڈسر کاسل سے سینٹ جارجز چیپل لے جایا گیا تھا۔ پرنس فلپ نے خود یہ گاڑی ڈیزائن کرنے میں مدد کی تھی۔
نیوی کی سروس کے دوران شہزادہ فلپ کے یونیفارم کی ٹوپی اور تلوار بھی ان کے تابوت پر رکھی گئی تھی۔
شہزادہ فلپ کی آخری رسومات کے موقع پر شاہی فرائض سے دستبردار ہونے والے شہزادہ ہیری بھی اپنے والد اور بھائی کے ہمراہ موجود تھے۔
کورونا کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے جارج چیپل میں ملکہ برطانیہ کے ہمراہ صرف ان کے بچے اور خاندان کے دیگر قریبی افراد موجود تھے۔
چرچ آف انگلینڈ کے سربراہ، آرچ بشپ آف کینٹربری جسٹن ویلبی نے آخری رسومات کے موقع پر دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے پرنس فلپ کی برطانوی قوم اور دولت مشترکہ کے ممالک کے لیے خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر ملکہ برطانیہ کالے لباس میں ملبوس تھیں جبکہ انہوں نے ماسک بھی کالے رنگ کا ہی پہن رکھا تھا۔
ملکہ برطانیہ نے اپنے شوہر کی آخری رسومات سے متعلق احکامات جاری کیے تھے کہ اس موقع پر شاہی خاندان کے اراکین فوجی یونیفارم کے بجائے رسمی لباس میں ملبوس ہوں گے، تاہم انہیں لباس پر اپنے میڈلز لگانے کی اجازت ہوگی۔