Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روزانہ ہر 3 گھنٹے بعد عمرہ پرمٹ کے حصول کی سہولت

عمرہ پرمٹ کے حصول کے مراحل کو مزید آسان بنایا گیا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں عمرہ زائرین اور مسجد الحرام میں نماز باجماعت ادا کرنے والوں کی سہولت کےلیے پرمٹ کا حصول مزید آسان بنا دیا گیاہے۔ 
وہ حرم مکی کے باہر سعودی ٹی وی چینل الاخباریہ سے گفتگو کررہے تھے۔
نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے مزید کہا کہ عمرہ زائرین اور نماز باجماعت کے لیے مسجد الحرام میں آنے والوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے تمام تراحتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔ 
مسجد الحرام میں اس وقت یومیہ 50 ہزار عمرہ زائرین اور ایک لاکھ نماز باجماعت کے لیے آنے والوں کی گنجائش ہے جبکہ ’توکلنا‘ اور ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے فنی معلومات کے تبادلہ سے مزید بہترآپشنز کی جانب گامزن ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ 
نائب وزیر حج وعمرہ نے مزید کہا کہ عمرہ پرمٹ کے حصول کے مراحل کو مزید آسان بنایا گیا ہے جو یومیہ اور ہفتہ وار بنیاد پرفراہم کیے جاتے ہیں۔ عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز باجماعت کے لیے آنے والے اب دن میں ہر 3 گھنٹے بعد پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔  
جو بھی عمرہ یا نماز کےلیے آنا چاہئے وہ ہر تین گھنٹے بعد یعنی 12 بجے کے بعد 3 بجے اور 6 بجے عمرہ پرمٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 

ٹرانسپورٹ کی فیس آن لائن ادا کی جاسکتی ہے( فوٹو ایس پی اے)

خیال رہے کورونا وائرس کی وجہ سے سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظررکھتے ہوئے عمرہ زائرین کی تعداد کو محدود رکھنے کے لیے عمرہ پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہے جس کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخل نہیں ہوا جاسکتا۔ 
عمرہ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے وزارت حج وعمرہ کی ’اعتمرنا ‘ اور وزارت صحت کی ایپ ’توکلنا‘ پر یہ سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ پرمٹ مفت جاری کیاجاتا ہے اس کی کوئی فیس نہیں تاہم مکہ مکرمہ کے علاقے’کدی ‘ اور ’شیشہ‘ میں گیدرنگ پوائنٹ بنائے گئے ہیں جہاں عمرہ زائراپنی گاڑی پارک کرکے وہاں سے بس میں حرم شریف پہنچ سکتا ہے۔ بس کی فیس فی شخص 20 ریال مقرر کی گئی ہے جو دوطرفہ ہے ۔ 
بس کی فیس آن لائن ادا کی جاسکتی ہے تاہم جس کے پاس یہ سہولت نہیں وہ اسٹیشن پر پہنچ کر وہاں سے بس سروس حاصل کرسکتا ہے۔ 

شیئر: