سری لنکا کے مرلی دھرن کی چنائی کے ہسپتال میں انجیو پلاسٹی
اتوار 18 اپریل 2021 20:53
مرلی دھرن کے دل کی ایک شریان کھولنے کے لیے اینجوپلاسٹی کی گئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
کرکٹ کی دنیا میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے سری لنکا کے سپنر متھیا مرلی دھرن کی انڈیا کے شہر چنائی کے ایک ہسپتال میں انجیو پلاسٹی ہوئی ہے۔
کرکٹ کی ویب سائٹ ای ایس پی این نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مرلی دھرن کے حوالے سے کی گئی ٹویٹ میں کہا ہے کہ کرکٹر کے دل کی ایک شریان کھولنے کے لیے سٹنٹ ڈالا گیا۔
ٹویٹ کے مطابق مرلی دھرن ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد آئی پی ایل کی ٹیم سن رائزرز حیدرآباد کو دوبارہ جوائن کریں گے۔
مرلی دھرن آئی پی ایل 2021 کے لیے انڈیا میں موجود ہیں اور وہ سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ سنہ 2010 میں کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے والے مرلی دھرن ٹیسٹ کرکٹ میں 800 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر ہیں اور تاحال ان کا ریکارڈ کوئی نہیں توڑ سکا۔
سری لنکن لیجنڈ سپنر کے بعد آسٹریلوی مشہور زمانہ سپنر شین وارن 708 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ انڈیا کے سپنر انیل کمبلے 619 وکٹوں کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ وکٹیں لینے والوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔