الخبر میں زمین دھنسنے سے گاڑی گڑھے میں پھنس گئی
نکاسی آب کی لائن پھٹ جانے سے زمین دھنسنے کا واقعہ پیش آیا( فوٹو المرصد)
سعودی عرب کے شہرالخبر کے اندلس محلے میں تجارتی کمپلیکس کے قریب زمین دھنسنے سے بننے والے گڑھے میں گاڑی پھنس گئی۔
اخبار 24 کے مطابق الخبر کی بلدیاتی کونسل کے افسران نے ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا بتایا کہ نیشنل واٹر کمپنی کے ماتحت نکاسی آب کی لائن پھٹ جانے پر زمین دھنسنے کا واقعہ پیش آیا۔ پانی اندر ہی رس رہا تھا ۔اچانک سڑک کا ایک حصہ دھنس گیا۔
الخبر بلدیاتی کونسل نے دھنسی ہوئی زمین کے اطراف حفاظتی رکاوٹیں قائم کرادیں۔ سڑک ٹھیک کرانے کی ذمہ داری نیشنل واٹر کمپنی کے حوالے کی گئی ہے۔
الشرقیہ میں نیشنل واٹر کمپنی نے بیان میں بتایا کہ ہمیں واقعے کی اطلاع مل گئی ہے۔ ایمرجنسی تکنیکی ٹیموں کو زمین ہموار کرنےِ، نکاسی آب کی لائن کی مرمت وغیرہ کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔ پانی کی نکاسی کا رخ متبادل لائنوں کی طرف کردیا گیا ہے۔
نیشنل واٹر کمپنی کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹریفک نے گڑھے میں پھنسی گاڑی نکلوا لی جبکہ متاثرہ ڈرائیور کو علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔