جدہ میں اجتماعی جھگڑا، الخرج میں سیکیورٹی گارڈ پر حملہ
جدہ میں اجتماعی جھگڑا، الخرج میں سیکیورٹی گارڈ پر حملہ
بدھ 21 اپریل 2021 5:34
سیکیورٹی گارڈ نے ماسک کے بغیر شاپنگ سینٹر میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں ریاض پولیس کے ترجمان خالد الکریدیس نےالخرج میں ایک شاپنگ سینٹر میں سیکیورٹی گارڈ پر حملے کے وڈیو کلپ کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
وڈیو کلپ میں دو افراد الخرج کے ایک تجارتی مرکز میں ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی گارڈ کو زدوکوب کرتے نظر آرہے ہیں۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے سیکیورٹی گارڈ پر حملہ کرنے والے شہریوں کو تلاش کرکے گرفتا رکرلیا ۔ سیکیورٹی گارڈ نے انہیں حفاظتی ماسک کے بغیر شاپنگ سینٹر میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔
دونوں نے سیکیورٹی گارڈ کے اس اقدام کا برا مانا۔ اسے انہوں نے اپنی توہین سمجھتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ کو مارپیٹ کر اپنا غصہ نکالا تھا۔
خالدالکریدیس نے بتایا کہ وڈیو کلپ کی مدد سے حملہ آور شہریوں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا ایس پی اے کے مطابق مکہ مکرمہ پولیس کے ترجمان نے جدہ میں سڑک پر ہونے والے اجتماعی جھگڑے کے بارے میں وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
اجتماعی جھگڑے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ پولیس نے بیان میں کہا کہ اجتماعی جھگڑے میں پانچ افراد ملوث تھے۔ ان میں سے چار گرفتار ہوئے ہیں جبکہ پانچویں کی تلاش جاری ہے۔ پانچوں کو کارروائی مکمل کرنے کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا جائے گا۔