دبئی: ویکسین نہ لگوانے والوں پر ’پابندیاں‘ عائد کرنے پر غور
محکمہ صحت کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 13 ہزار چھ سو 21 لوگوں کی ویکسینیشن کی گئی (فوٹو: اے ایف پی)
دبئی میں ان افراد کی نقل و حرکت پر پابندی کا سوچا جا رہا ہے جو ویکیسن لگوانے میں ہچکچاہٹ سے کام لے رہے ہیں۔
عرب نیوز نے دبئی کے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ڈاکٹر سیف الدہیری کا کہنا ہے کہ ’ویکیسن بیماری سے بچنے اور صحت مند زندگی کی طرف لوٹنے کا اہم ذریعہ ہے۔‘
’ویکسین لگوانے میں تاخیر پورے معاشرے کے لیے خطرہ ہے، خصوصاً ان لوگوں کے لیے بہت خطرناک ہے جو کمزور ہیں۔‘
ڈاکٹر الدہیری کا مزید کہنا تھا کہ ’ویکسین نہ لگوانے کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لیے سخت اقدامات پر غور ہو رہا ہے، جیسے کچھ مقامات میں داخل ہونے اور خدمات حاصل کرنے سے ممانعت، تاکہ سب کی صحت کا خیال رکھا جا سکے۔‘
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ وہ تمام لوگ جن کی عمر 16 سال یا زیادہ ہے وہ ویکیسن لگوائیں۔ متحدہ عرب امارات میں حکومت کی جانب سے لوگوں کو ویکسین لگانے کی مہم کے دوران ایک ہزار 903 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ تین اموات ہوئی ہیں۔
سرکاری نیوز ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق ملک میں اب تک پانچ لاکھ 840 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر ایک ہزار 559 اموات ہوئی ہیں۔
محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 13 ہزار 621 خوراکیں شہریوں کو لگوائی گئیں جس کے بعد دی جانے والی خوراکوں کی تعداد 97 لاکھ 88 ہزار 826 ہو گئی ہے جس کی شرح 100 لوگوں کے لیے 98 اعشاریہ 97 ہے۔
ابو ظبی نے قبل ازیں فائزر ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔
متحدہ عرب امارات میں دسمبر میں فائزر کی منظوری دی گئی تھی اور اسی ماہ دبئی نے اسی ویکسین کا استعمال شروع کر دیا تھا۔