پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اٹامک انرجی کمیشن کو وینٹی لیٹر بنانے پر مبارک باد دی ہے۔
بدھ کی شام ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے لکھا کہ ’پی اے ای سی کو بہت مبارک دینا چاہتا ہوں کہ انھوں نے ایک اور وینٹی لیٹر بنا لیا ہے، عالمی معیار کے طبی آلات بنانے میں پاکستان نے دو برسوں میں جو کامیابیاں حاصل کیں وہ قابل ستائش ہیں۔ انجینیئرز، ٹیکنیشنز اور تمام ٹیم کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں کہ آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کیا۔‘
وزیر اطلاعات کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین ان کی توجہ موجودہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کے گذشتہ دنوں دیے گئے اس بیان کی جانب دلا رہے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’پاکستان کے تیار کردہ وینٹی لیٹرز عالمی معیار کے مطابق نہیں۔‘
مزید پڑھیں
-
’میڈ اِن پاکستان‘وینٹیلیٹرز کی پہلی کھیپ تیارNode ID: 488511
-
’ناکارہ‘ وینٹی لیٹرز ۔۔۔۔ ’فواد چوہدری کو پکڑو‘Node ID: 561041
شبلی فراز نے یہ بیان اسلام آباد کی نسٹ یونیورسٹی کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دیا تھا۔
ٹوئٹر صارف نعمان نواز نے فواد چوہدری کو لکھا کہ ’ابھی شبلی فراز صاحب آکر کہہ دیں گے کہ ہمارے وینٹی لیٹر کے 40 میں سے 12 فکنشنز کام کرتے ہیں، ابھی ہم اس قابل نہیں ہوئے۔‘
تابش غلام قریشی نے کہا کہ ’آپ نے واقعی اس وزارت سے انصاف کیا اور زبردست کام کیے، اب اللہ ہی اس محکمے کے حال پر رحم فرمائے۔‘
بات وینٹی لیٹرز کی ہو اور کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال اور ہسپتالوں میں طبی سہولیات نہ ہونے کی بات نہ ہو یہ کیسے ممکن ہے۔ صارف زاہد عابد نے فواد چوہدری کی توجہ لاہور کے ہسپتالوں کی جانب دلاتے ہوئے لکھا کہ 'اسی لیے لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں 270 وینٹی لیٹرز کورونا مریضوں کو دستیاب ہیں۔ اور بات اب سفارشوں تک جا پہنچی ہے۔‘
PAECکو بہت مبارک دینا چاہتا ہوں کہ انھوں نے ایک اور #MadeInPakistan وینٹیلیٹر بنا لیا ہے،عالمی معیار کےطبی آلات بنانے میں پاکستان نے دو سالوں میں جوکامیابیاں حاصل کیں وہ قابل ستائش ہیں میں انجینئرز، ٹیکنیشنز اور تمام ٹیم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کیا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 28, 2021