ترکی میں ابوبکر البغدادی کا اہم ساتھی گرفتار
رپورٹ کے مطابق ملزم ترکی میں جعلی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ پر آئے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
ترک پولیس کا کہنا ہے کہ شدت پسند تنظیم داغش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے اہم ساتھی کو اتوار کے روز استبول سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق استنبول پولیس کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ابوبکرالبغدادی کے افغان ساتھی جس کا کوڈ نام باسم ہے کو اتاسہر ضلع میں ایشائی سائیڈ سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس اور ترک انٹیلیجنس ایجنسی کے مشترکہ آپریشن کے حوالے سے مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملزم نے 2009 میں داعش کی شکست کے بعد البغدادی کو شام کے صوبے ادلب میں چھپنے میں مدد دی تھی۔
البغدادی کو امریکی سپیشل فورسز نے اکتوبر 2019 میں ایک آپریشن میں مارا تھا۔
ترک میڈیا نے ملزم کی گرفتاری کے بعد کی ایک تصویر شائع کی ہے جس میں وہ ہلکی داڑھی اور سر کے بالوں کے بغیر نظر آرہے ہیں۔ ساتھ ہی ملزم کی ایک پرانی تصویر بھی شائع کی گئی ہے جس میں ان کے لمبے لمبے بال اور گھنی ڈاڑھی ہے اور وہ فوجی وردی پہن کر تلوار تھامے کھڑے ہیں۔
مقامی نیوز ایجنسی دیمیرورن کے مطابق باسم شام اور عراق میں شدت پسند تنظیم کے ٹریننگ کیمپ چلایا کرتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ملزم ترکی میں جعلی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ پر آئے۔
ترکی تواتر کے ساتھ داعش سے وابستہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرتا رہا ہے جن میں سے کئی ایک ملک میں دہشت گردی کی کاروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔