پی آئی اے کی این سی او سی سے مزید پروازیں کم نہ کرنے کی درخواست
بدھ 5 مئی 2021 7:32
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر یکم مئی سے 80 فیصد پروازیں کم کر دی گئی ہیں. (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے این سی او سی سے بین الاقوامی اور مقامی پروازیں مزید کم نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔
پیر کے روز فضائی آپریشن کو مزید محدود کرنے کے لیے این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں آٹھ مئی سے بین الاقوامی پروازوں سمیت مقامی پروازوں کو مزید محدود کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔
اجلاس میں موجود ایک اعلی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ ’پی آئی اے کی جانب سے پروازوں کی تعداد مزید کم نہ کرنے کی درخواست کی گئی، جس میں بین الاقوامی پروازوں کو مزید کم کرنے اور مقامی پروازوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کی تجاویز دی گئی تھیں۔‘
ذرائع نے مزید بتایا کہ ’مقامی پروازوں پر مکمل پابندی عائد کرنے سے کوئٹہ، پشاور اور گلگت جیسے دور دراز علاقوں کا فضائی رابطہ بالکل منقطع ہو جاتا جس سے عید کے دوران مسافروں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔ اجلاس کے دوران این سی او سی کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر این سی او سی کی ہدایت کے مطابق یکم مئی سے 80 فیصد پروازیں کم کر دی گئی ہیں۔ جس کے بعد پاکستان کے فضائی اڈوں ہر مقامی اور بین الاقوامی پروازیں کو ہی اترنے کی اجازت کو محدود کردی گئی ہے ۔
اس فیصلے کے بعد پاکستان کے مختلف ہوائی اڈوں پر ہفتہ وار 590 پروازوں میں سے 123 پروازیں کو اجازت دی گئی ہے۔