عید کی تعطیلات کے دوران کونسی دکانیں کھلی رہیں گی؟
حکومت نے عیدالفطر پر بین الاصوبائی ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی لگائی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کہا ہے کہ آٹھ سے 16 مئی کے دوران ضروری اشیا کے سٹور، دکانیں، بیکریاں اور مٹھائیوں کی دکانیں چھ بجے تک کھلی رہیں گی۔
پاکستان میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے عید الفطر کے موقع پر ایک ہفتے کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
حکومت نے کہا ہے کہ تعطیلات کے دوران تمام کاروبار اور دکانیں بند ہوں گی تاہم ضروری اشیا کے کچھ شعبوں کو استثنیٰ دیا گیا ہے جو کھلے ہوں گے۔
این سی او سی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق تندور، دودھ اور دہی کی دکانیں ہفتے کے سات دن چوبیس گھنٹے کھلی ہوں گی۔
اس کے علاوہ ریستوران سے ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔
این سی او سی نے کہا ہے کہ ہوم ڈیلیوری، یوٹیلیٹی سروسز (بجلی، قدرتی گیس، انٹرنیٹ، موبائل فون نیٹ ورک، ٹیلی کام) اور میڈیا کو ہفتے کے سات دن چوبیس گھنٹے کام کی اجازت ہوگی۔
کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے حکومت نے آٹھ سے 16 مئی کے دوران سیاحت پر بھی پابندی عائد کی ہے اور بین الاصوبائی ٹرانسپورٹ بھی بند کر دی ہے۔
تمام سیاحتی مقامات، پکنک سپاٹس، پبلک پارکس، شاپنگ مالز، سیاحتی مقامات پر تمام ہوٹلز اور ریستوران بھی بند رکھے جائیں گے۔
این سی او سی کے مطابق شمالی علاقہ جات، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، سی ویو، ساحلی مقامات کی جانب جانے والے راستے بھی بند رکھے جائیں گے اور صرف گلگت بلتستان اور کشمیر کے مقامی افراد کو آنے جانے کی اجازت ہوگی۔
اس کے علاوہ این سی او سی نے عید کی تعطیلات کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ ٹیموں کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔