حرم کی صفائی میں 14 لاکھ لیٹر جراثیم کش سپرے کا استعمال
حرم کی صفائی میں 14 لاکھ لیٹر جراثیم کش سپرے کا استعمال
بدھ 5 مئی 2021 12:05
صحت کی حفاظت کے لئے 200 سپروائزر اور چار ہزار کارکن موجود رہتے ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام کی صفائی کے لئے 70 ہزار لیٹر سے زیادہ جراثیم کش سپرے اور ادویہ کا یومیہ استعمال کیا جا رہاہے تا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔
عرب نیوز کے مطابق ان اعداد وشمار سے پتہ چلتا ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے اب تک مسجد الحرام میں صفائی کا اعلی معیار برقرار رکھنے کے لیے 14 لاکھ لیٹر جراثیم کش ادویہ اور سپرے کا استعمال کیا گیا ہے۔
مملکت کی جانب سے زائرین اور نمازیوں کی صحت کی حفاظت کے لیے بڑے پیمانے پر صفائی ستھرائی کی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں آنے والے زائرین اور نمازیوں کی صحت کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سخت اقدامات کئے گئے تھے۔
حفاظتی اقدامات میں معاشرتی دوری، چہرے کا ماسک لگانا ، مسجد میں داخلے اور باہر نکلنے کے لیے راستوں کی نشاندہی، صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنا اور اس کے علاوہ خصوصی طور پر کورونا وائرس کے بچاو کی پہلی خوراک لینے والوں کو ہی حرمین شریفین میں داخلے کی اجازت دینا شامل ہیں۔
جراثیم کش سپرے کے ساتھ ہی ان تمام جگہوں پر ڈیڑھ ہزار لیٹر خوشبو دار سینی ٹائزر کا بھی یومیہ استعمال کیا جا رہا ہے۔
صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے استعمال شدہ اشیا ڈالنےاورانہیں مسجد سے باہر پھینکنے کے لیے تین ہزار تھیلے بھی مسجد میں تقسیم کئے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ مسجد الحرام کے ہر حصے کو دس مرتبہ یومیہ دھویا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ مسجد الحرام میں صحت کے حفاظتی معیار کو برقرار رکھنے کے لئے 200 سپروائزر اور حفظان صحت سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے چار ہزار کارکن ہر روز موجود رہتے ہیں۔
رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسجد الحرام پہنچنے والے عمرہ زائرین اور نمازیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔