ورلڈ ہپینس 2021 انڈیکس، عرب ممالک میں سعودی عرب کا پہلا نمبر
ورلڈ ہپینس 2021 انڈیکس، عرب ممالک میں سعودی عرب کا پہلا نمبر
جمعرات 6 مئی 2021 12:56
ڈاکٹر لوئس لیمبرٹ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں خواتین کے حوالے سے کافی کام ہوا ہے۔ (فوٹو: سپلائیڈ)
یہ بات کہنے میں کوئی مضائقہ نہیں کہ خوشی کی کوئی حتمی تعریف نہیں ہے۔ یہ ہر شخص کے لیے ایک علیحدہ منفرد تجربہ ہوتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اسی طرح پورے معاشرے کی جذباتی پیمائش کرنا اور کسی دوسرے کے خلاف اس کی درجہ بندی کرنا ایک نامکمل سائنس سمجھی جا سکتی ہے۔ حالانکہ یہ جی ڈی پی کے اعداد و شمار کے مقابلے میں معاشرتی بہود کی ایک عمدہ عکاسی ہے۔
بہرحال ایک بات یقینی ہے کہ کورونا وائرس کی وبا اور اس کی وسیع پیمانے پر سماجی پابندیوں نے انسانیت کے اجتماعی عزم پر کم اثر ڈالا ہے۔
رواں سال مارچ میں اقوام متحدہ کی جانب سے ورلڈ ہیپینس رپورٹ 2021 شائع ہوئی۔ اس سالانہ رپورٹ میں گذشتہ سال میں عالمی معیاری زندگی پر کورونا وائرس کے اثرات کی پیمائش کی کوشش کی گئی ہے اور اس نے اپنےانڈیکس میں 95 ممالک کی درجہ بندی کی ہے۔
سنہ 2021 کی اس رپورٹ میں وبا کے صحت، معیشت اور نفسیات پر اثر ہونے کے خلاف حکومتی ردعمل اور اس پر عوامی اعتماد کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اس ہیپینس انڈیکس میں فن لینڈ مسلسل چوتھے سال سرفہرست ہے۔ اس کے بعد آئس لینڈ، ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ اور ہالینڈ کا نمبر ہے۔ ان سے نیچے کمبوڈیا، انڈیا، اردن، تنزانیہ اور زمبابوے آتے ہیں۔
ورلڈ ہیپنس انڈیکس میں سعودی عرب کا 21واں نمبر ہے۔ (فوٹو: سپلائیڈ)
جبکہ سعودی عرب کا عرب ممالک میں پہلا اور عالمی ممالک میں 21 واں نمبر ہے۔ متحدہ عرب امارات 27 نمبر پر ہے۔ اس کے بعد بحرین 35، مراکو 80، عراق 81، تیونس 82 اور مصر 87 ویں نمبر پر ہے۔
عرب ممالک میں زندگی کی تسکین سے متعلق اعداد و شمار میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، خاص طور پر سعودی عرب میں جن کے سکورز سنہ 2017 کے بعد سے مستقل طور پر بڑھ رہے ہیں۔
اس حوالے سے مڈل ایسٹ جرنل آف پازیٹو سائیکولوجی کی ایڈیٹر اور امارات میں سینٹر فار ہیپنیس ریسرچ کی سربراہی کرنے والی ڈاکٹر لوئس لیمبرٹ کا کہنا ہے کہ ’زندگی کا اطمینان جی ڈی پی سے بہت حد تک وابستہ ہے۔ رہائش، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، روزگار تک رسائی، سڑکیں، بجلی اور لوگوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی۔‘
ڈاکٹر لوئس لیمبرٹ کے مطابق سعودی عرب میں ’بہت شاندار تبدیلیاں‘ آئی ہیں۔ (فوٹو: سپلائیڈ)
انہوں نے کہا کہ ’زندگی میں اطمینان حاصل کرنا آسان ہے بشرطیکہ آپ کے پاس اچھی حکمرانی اور دولت ہو۔ لہذا یہ تعجب کی بات نہیں ہے کہ سعودی عرب رینکنگ میں اوپر ہے، کیونکہ اس کے پاس لوگوں کی دیکھ بھال کرنے کے لیے زیادہ وسائل موجود ہیں۔‘
دولت کے علاوہ بھی ڈاکٹر لوئس لیمبرٹ کے مطابق سعودی عرب میں ’بہت شاندار تبدیلیاں‘ آئی ہیں جنہوں نے بغیر کسی شبے کے عوام میں امید پیدا کی ہے۔ یہ صرف شور نہیں ہے، اس کے پیچھے عمل بھی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے حوالے سے خاص طور پر کام ہوا ہے۔ سرپرستی کے قوانین میں تبدیلی کی وجہ سے اب وہ ڈرائیونگ کر سکتی ہیں، خود کما سکتی ہیں اور اپنی مرضی سے فیصلے کر سکتی ہیں۔ یہاں تک کہ ’آپ اب کنسٹرٹس میں جا سکتے ہیں۔ یہ چیزیں زندگی کے معیار میں اضافہ کرتی ہیں۔‘