مسجد الحرام میں 27 ویں شب دو لاکھ آب زمزم کی بوتلیں تقسیم
مسجد الحرام میں 27 ویں شب دو لاکھ آب زمزم کی بوتلیں تقسیم
پیر 10 مئی 2021 22:45
سلنڈر بیگز کے ذریعے زمزم کی تقسیم فجر کی نماز تک جاری رہتی ہے۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے مسجد الحرام میں 27 رمضان کی رات نمازیوں اور عمرہ زائرن میں دو لاکھ سے زیادہ آب زمزم کی بوتلیں تقسیم کی ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ تقسیم ایگزیکٹو اور خدمت کے منصوبوں کے تحت ہوئی جو مسجد الحرام کے اندر مقدس پانی کی پیشکش کے دوران صحت کے اعلی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے گئے تھے۔
مسجد الحرام میں زمزم کے شعبہ کے ڈائریکٹر احمد الندوی نے بتایا کہ زمزم کے پانی کی بوتلیں مسجد الحرام اور اس کے صحنوں، دالانوں، راہداریوں میں ایک ہزار سے زائد کارکنان،190 بیگز اور 375 سلنڈر بیگز کے ذریعے تقسیم کی گئیں جن میں ہر بیگ کے لیے 10 لیٹر کی گنجائش ہے۔
مقدس مساجد کی انتظامیہ نے آب زمزم کی تقسیم کے لیے دس متحرک ٹرالیاں مختص کی ہیں۔ مطاف اور طواف کے لیے مخصوص ٹریک پر طواف کرنے والوں کو آب زمزم فراہم کیا جا رہا ہے۔ ہر ٹرالی پر 80 لٹر کے دو کولر نصب ہوتے ہیں۔ ان میں سے ایک ٹھنڈے آب زمزم کا اور دوسرا سادے کا۔
اسی طرح احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ متحرک الیکٹرانک پمپ کے ذریعے پانی پیش کیا جاتا ہے جسے مستقل بنیادوں پر سینیٹائز کیا جاتا رہتا ہے۔
مسجد الحرام میں زمزم کے شعبہ کے ڈائریکٹر احمد الندوی نے کہا کہ انتظامیہ نماز کے لیے مخصوص منزلوں، جنازوں کے مصلے اور مکبریہ میں آب زمزم کے سلینڈر بیگز تقسیم کرا رہی ہے۔ مسجد الحرام میں درس والے مقامات پر بھی اس کا انتظام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمرہ ادا کرنے والوں کے لیے طواف کے علاقے میں پانی کی تقسیم مغرب کی نماز سے قبل شروع ہوتی ہے اور سلنڈر بیگز کے ذریعے فجر کی نماز تک جاری رہتی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اور احتیاطی پروٹوکول کے مطابق مسجد الحرام کے اندر آب زمزم تقسیم کیا جا رہا ہے۔