مسجد الحرام : رمضان کے دوران زمزم کی کتنی بوتلیں تقسیم کی گئیں؟
مسجد الحرام : رمضان کے دوران زمزم کی کتنی بوتلیں تقسیم کی گئیں؟
بدھ 12 مئی 2021 22:18
رمضان میں آب زمزم کی تقسیم مغرب سے کچھ دیر قبل شروع کی جاتی(فوٹو، ایس پی اے)
ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام میں آب زم زم کی 60 لاکھ بوتلیں تقسیم کی گئیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ادارہ امور حرمین نے ماہ مبارک میں مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین اور عام افراد کے لیے آب زم زم کی مستقل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے تھے۔
کیے جانے والے خصوصی انتظامات میں متحرک کولرز جو اہلکاروں کے کندھوں پرہوتے ہیں کے ذریعے گلاسوں میں آب زم زم فراہم کرنے کے علاوہ زم زم کی بوتلیں تقسیم کرنے کےلیے 15 خصوصی ٹرالیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
آب زمزم کی تقسیم رمضان میں فجر تک جاری رہتی تھی(فوٹو، ایس پی اے)
ایک متحرک ٹرالی میں 100 آب زم زم کی بوتلوں کی گنجائش ہوتی ہے۔ ٹرالیاں مسجد الحرام کے صحن مطاف کے علاوہ مختلف مقامات پررکھی جاتی ہیں جہاں موجود اہلکار ہر آنے والے کو بوتلوں میں موجود آب زم زم فراہم کرتے ہیں۔
ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران آب زم زم کی تقسیم کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ صحن مطاف میں مغرب کی آذان سے کچھ دیر قبل تقسیم کا آغاز کیاجاتا ہے جو فجر کی اذان تک جاری رہتا ہے۔
فولڈنگ بیگز کے ذریعے بھی آب زم زم فراہم کیاجاتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
ٹرالیوں اور متحرک آب زم زم کے کولرز کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے کارکنوں کے ذریعے بوتلوں کی تقسیم بھی کی جاتی رہی تاکہ وسیع پیمانے پر لوگوں کو آب زم زم کی سہولت میسر آسکے۔
ادارہ کا کہنا تھا کہ صحن مطاف میں متحرک ٹرالیوں کے ذریعے 60 لاکھ بوتلیں آب زم زم کی تقسیم کی گئیں جبکہ مسعی (سعی وصفا) کے مقام پر200 اہکاروں کو فولڈنگ اسٹوریج کے ساتھ متعین کیاگیا تھا جو زم زم کی بوتلیں زائرین میں تقسیم کرتے تھے علاوہ ازیں مسجد الحرام کے مختلف مقامات جن میں شاہ عبداللہ کی توسیع اور دیگر مقامات بھی شامل ہیں پر بھی آب زم زم کی تقسیم منظم انداز میں کی گئی۔