ہیوی ٹرک کے اوپر بیٹھ کر ویڈیو بنانے پر نوجوان گرفتار
’مذکورہ افراد نے نجی املاک کو استعمال کرنے کے علاوہ اپنی جان خطرے میں ڈالی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
حائل پولیس نے گاڑیوں کو لے جانے والے ہیوی ٹرک کے اوپر بیٹھ کر ویڈیو بنانے والے نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حائل ریجن پولیس کے ترجمان کیپٹن طارق النصار نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان کی تعداد 6 ہے اور یہ عمر کی تیسری اور چوتھی دہائی میں ہیں‘۔
’مذکورہ افراد نے گاڑیوں کو لے جانے والی ہیوی ٹرک پر چڑھ کر ویڈیو بنائی ہے اور اسے سوشل میڈیا میں شیئر کیا ہے‘۔
پولیس کے مطابق انہوں نے نجی املاک کو ناجائز طور پر استعمال کرنے اور اپنی جان اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کا اقدام کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ویڈیو شیئر ہوتے ہی پولیس نے کارروائی کی ہے اور ریکارڈ وقت میں انہیں گرفتار کرلیا ہے‘۔
مذکورہ الزامات کے علاوہ ملوث افراد نے ایس او پیز کی بھی خلاف ورزیاں کی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش اور ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا۔